مذہبی جنونیت اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے جائیں، علامہ شہنشاہ نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) خطیب مسجد باب العلم مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ مذہبی منافرت، دہشت گردی، فرقہ واریت اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ نارتھ ناظم آباد میں منعقدہ مجلس عزاء سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ملت مسلمہ کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے، حکومت اور ریاستی اداروں کو چاہیئے کہ وہ ہم آہنگی کے قیام کیلئے کوششیں تیز کردیں تاکہ یہاں ایسے پر امن معاشرے کا قیام عمل میں آسکے جس میں تمام مکاتب فکر اور طبقات آزادی کے ساتھ اپنی اپنی زندگیاں گزار سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تنگ نظری اور انتہاء پسندی نے مسلم امہ کو کافی نقصان پہنچایا اور ہم اب بھی ایک نہ ہوئے تو مزید مشکلات میں پڑ جائیں گے، لہٰذا ہمیں ہوش اور عقلمندی سے کام کرتے ہوئے ایسے اقدامات کرنے ہونگے جن سے مسلمانوں کی بقاء کو یقینی بنایا جاسکے۔