قائد کے پاکستان کو مٹھی بھر تکفیری دہشتگردوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دینگے، علامہ حسن ہمدانی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کے زیراہتمام بابائے قوم، فخر ملت تشیع، قائداعظم محمد علی جناح کے یوم وفات پر قرآن خوانی و مجلس عزا کا اہتمام کیا گیا۔
زرائع کے مطابق قائدِ اعظم محمد علی جناح کے یومِ وفات کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب کے زیرِ اہتمام صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں قرآن خوانی کے بعد مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ حسن ہمدانی نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان کیلئے جو جدوجہد بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے کی، اسے رہتی دنیا تک کوئی فراموش نہیں کرسکے گا، قائد کے پاکستان کو ہم مٹھی بھر تکفیری دہشتگردووں کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیں گے، دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم ہونے تک ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن، اقرباء پروری، رشوت ستانی اور شاہانہ طرز زندگی گزارنے والوں کا قائد کے افکار سے کوئی تعلق نہیں، آج ہمیں وہ قائد کا پاکستان نظر نہیں آرہا، جس مقصد کیلئے بابائے قوم نے مسلمانوں کی اس عظیم مادر وطن کو برصغیر کے مسلمانوں کیلئے بنایا، آج پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کیلئے کرپشن عروج پر ہے، قومی خزانے سے حکمرانوں کی عیاشیوں پر خرچ ہو رہے ہیں، غریب غریب سے غریب تر ہوتا جا رہا ہے۔
علامہ حسن ہمدانی کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن ہی دہشتگردی کی اصل وجہ ہے، آج پاکستانی قوم کو اپنے محسن بابائے قوم سے یہ عہد کرنا ہوگا کہ اس مملکت خداداد سے ہم کرپشن، دہشتگردی، انتہاپسندی کے خاتمے تک میدان عمل میں رہیں گے اور قوم کے خائنوں کو انجام تک پہنچانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ مجلس عزا میں بڑی تعداد میں ضلع لاہور کے کارکنوں اور صوبائی و ضلعی رہنماوں نے شرکت کی۔