وزیراعلیٰ پنجاب کی رہائش گاہوں اور پارٹی سیکرٹریٹ کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان تیار
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی رہائش گاہوں اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ کی سیکورٹی فول پروف بنانے کیلئے پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ماڈل ٹاؤن میں واقع دونوں کوٹھیوں میں "وزٹر مینجمنٹ سسٹم نصب کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وی ایم ایس کے ذریعے ہر آنیوالے کو کمپیوٹرائزڈ کارڈ جاری کیا جائے گا۔ مرکزی سیکرٹریٹ اور وزیراعلیٰ کی رہائش گاہوں پر کام کرنیوالے ملازمین کو بھی خصوصی کارڈز جاری کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے خصوصی کمپیوٹرائزڈ کارڈ بنائے جائیں گے جن پر سیاہ اور سرخ دائرے ہوں گے۔ سیاہ دائرے والے کارڈ ہولڈرز کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ جانے کی اجازت ہو گی جبکہ سرخ دائرے والے کارڈ ہولڈرز وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی رہائش گاہوں تک بھی جا سکیں گے۔ مذکورہ کمپیوٹرائزڈ کارڈ کے اجراء کیلئے پنجاب انفارمیشن بورڈ کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔ آئی ٹی بورڈ خصوصی کارڈ تیار کرکے دے گا جو ملازمین کو فراہم کئے جائیں گے اور ہر ملازم کو کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔