Uncategorized

آئین پاکستان کے مطابق عزاداری سیدالشہداء ہمارا آئینی و قانونی حق ہے، علامہ اصغر عسکری

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کی صوبائی شوریٰ کا اجلاس صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین کی زیرصدارت جامع مسجد الحسین نیو ملتان میں منعقد ہوا، اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی معاون سیکرٹری تنظیم سازی علامہ اصغر عسکری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے 13 اضلاع کے سیکرٹری جنرل نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران عزاداری کی مجالس اور جلوس ہائے عزا پر حکومت کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیوں کی شدید مذمت کی گئی۔

زرائع کے مطابق مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کی صوبائی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اصغر عسکری کا کہنا تھا کہ محرم الحرام اور کربلا امن، رواداری اور باہمی محبت کا درس دیتی ہے، ان ایام میں حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ عزاداری کے پروگراموں کو پُرامن بنانے میں عزاداران اور بانیان مجالس کے ساتھ تعاون کرے، حکومت اپنے من پسند افراد کو امن کمیٹیوں میں نامزد کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، یہ روش قابل قبول نہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم واضح کرتے ہیں عزاداری سیدالشہداء پر عائد کسی بھی پابندی کو برداشت نہیں کریں گے، آئین پاکستان کے مطابق ملک میں موجود تمام مسالک کے افراد کو اپنے عقیدے کے مطابق عبادت کا حق حاصل ہے، پاکستان جیسے اسلامی ملک میں میوزک کنسرٹ کرنے کے لئے حکومت سے کسی قسم کی اجازت لینے کی ضرورت نہیں، لیکن محسن اسلام حضرت امام حسین کا ذکر کرنے کے لئے حکومت سے اجازت لینی ضروری قرار دیا گیا ہے، جسے ہم مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، عزاداری سیدالشہداء ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے، کسی بھی حکمران یا ظالم کو اسے چھیننے کا حق نہیں دیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ محرم سے قبل انتظامیہ کی طرف سے خواہ مخواہ خوف کی فضاء پیدا کی جاتی ہے جو کہ حکومت کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔

اجلاس سے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں مجلس وحدت مسلمین کے وفود مقامی انتظامیہ، ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز سے ملاقات کریں گے اور مختلف علاقوں میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس محرم میں ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت عزاداری کے خلاف سازشیں نہیں کرے گی اور اگر حکومت نے عزاداری اور عزاداروں کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی تو محرم الحرام پھر امام بارگاہوں میں نہیں بلکہ سڑکوں پر ہوگا۔ اجلاس سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، محمد اصغر تقی، سید عدیل عباس زیدی، انجینیئر مہر سخاوت علی، سید فرخ شمسی، علی رضاطوری اور صوبائی ترجمان ثقلین نقوی نے خطاب کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button