Uncategorized

شیعہ و سنی مل کر تکفیریت کی جڑوں کو اکھاڑ پھنکیں گے، غدیر کا دن امت کے اتحاد کا مظہر ہے، علامہ راجہ ناصر عباس

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )شیعہ و سنی مل کر تکفیریت کی جڑوں کو اکھاڑ پھنکیں گے، غدیر کادن امت کے اتحاد کا مظہر ہے، نیشنل ایکشن پلان کے نام پر محب وطن اہل تشیع عوام کو ہراساں کرنے کا راستہ روکیں گے، عزاداری امام حسین ہماری شہ رگ حیات ہے اس پر کوئی پابندی قبول نہیں۔

زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مجلس وحدت مسلمین کراچی کی جانب سے بریٹو روڑ نمائش چورنگی پر جشن ولایت علی ابنِ ابیطالب علیہ السلام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ اعجاز حسین بہشتی، پیر سید مقدس کاظمی، علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور جعفری، علی حسین نقوی، میثم عابدی، علامہ نشان حیدر سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا جبکہ شجاع رضوی نے بارگاہ امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ کانفرنس میں علامہ صادق جعفری، علامہ احسان دانش، انجینئر رضا نقوی، میر تقی ظفر و دیگر علمائے کرام، خواتین، بچوں اور ایم ڈبلیو ایم کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ہمارا اصلی دشمن عالمی استکبار ہے اور اس کے ایجنٹ پاکستان کی سلامتی کے دشمن ہیں، امت مسلمہ کے اتحاد کے دشمن ہیں، عالمی استکبار نے لبرل ڈیموکریسی کے نظام کے ذریعے دنیا کو اپنے شکنجے میں جکڑ رکھا ہے، پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے اصل اہداف پر عمل کرنا ہوگا، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کا رخ ملت جعفریہ کی جانب موڑ دیا گیا ہے، کراچی سمیت پنجاب بھر سے ہمارے بے گناہ افراد کو اغواء کیا جارہا ہے، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور نیشنل ایکشن پلان کے نام پر محب وطن اہل تشیع عوام کو ہراساں کرنے کا راستہ روکیں گے، شکار پور سے گرفتار خودکش بمبار کی تحقیقات کو منظر عام پر لایا جائے، عزاداری امام حسینؑ ہماری شہ رگ حیات ہے اس پر کوئی پابندی قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان میں اقتصادی و معاشی ترقی کے راستہ کھول دے گا۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان تافتان روڈ پر زائرین کی سہولیات کیلئے فوری اقدامات کرے، قائد اعظم محمد علی جناح کے پاکستان کی بحالی کیلئے ہماری تحریک جاری رہے گی، شیعہ و سنی مل کر تکفیریت کی جڑوں کو اکھاڑ پھنکیں گے، غدیر کادن امت کے اتحاد کا مظہر ہے، رسول اکرم (ص) نے 18 ذالحجہ کو غدیر کے مقام پر علی علیہ السلام کی ولایت کا اعلان کرکے اتمام حجت کر دیا، آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ولی فقیہہ کے دامن کو تھامیں، اللہ تعالیٰ نے آیت اللہ خامنہ ای کی صورت میں ہمیں عظیم نعمت سے نوازا ہے، یہ وہ شخصیت ہے کہ جس نے عالم اسلام کی آبرو بچائی ہے ورنہ عالمی استکبار نے اپنے ایجنٹ داعش، القاعدہ و دیگر تکفیری دہشت گردوں کے ذریعے اسلام کا چہرہ مسخ کرنے کی بھرپور کوشش کی تھی، ہمیں چاہیئے کہ ولی فقیہہ آیت اللہ خامنہ ای کی قیادت میں متحد ہوکر عالمی استکبار کی امت مسلمہ کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائیں۔

کانفرنس کے اختتام پر مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے شاندار آتش بازی کی گئی اور جشن غدیر کی مناسبت کیک کاٹا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button