عشرہ محرم الحرام کے دوران ضلع مظفرگڑھ میں سیکورٹی انتظامات کیلئے ہدایات جاری
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) ڈی سی او مظفرگڑھ شوکت علی نے کہا ہے کہ ضلع میں مستقل قیام امن کیلئے ہم سب کو مل کر اخوت، بھائی چارے اور رواداری کی فضا کو فروغ دینا ہے، اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھنا ہے اور ملک دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملانا ہے، یہ بات انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، ڈی پی او ملک اویس احمد بھی ان کے ہمراہ تھے، ڈی سی او نے کہا ہے عشرہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے، انہوں نے ٹی ایم او ز کو ہدایت کی کہ ماتمی جلوسوں کے راستوں پر صفائی کو یقینی بنایا جائے، رات کے وقت روشنی کا معقول انتظام کیا جائے، ڈی سی او نے ماتمی جلوسوں کے منتظمین کو ہدایت کی کہ وہ مقرر کردہ راستوں اور وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں، انہوں نے کہا کہ اس محرم الحرام کے موقع پر سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ضلع میں امن کے قیام کو یقینی بنایاجائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ پولیس کے تعاون سے مجالس، جلوسوں کے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جا رہے ہیں، قبل ازیں ڈی پی او مظفرگڑھ اویس احمد ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر مجالس اور جلوسوں، مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جا رہے ہیں، نیشنل ایکشن پلان کے مطابق بنائے گئی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے، امن کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں مجالس کی سکیورٹی کیلئے2200 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے، حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے، خار دار تار، واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈیٹکٹر کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا، مسائل کے حل کیلئے حکومت کی ہدایت کے مطابق ضلعی اور تحصیل سطح پر کور کمیٹیاں بنائی گئیں ہیں، جن کے مدد سے مسائل کو مقامی سطح پر حل کیا جائے گا۔