حلب میں دہشت گردوں پر شامی فوج کی کاری ضرب
رپورٹ کے مطابق شامی فوج نے اپنے اتحادی فوجیوں کی مدد سے جنوبی حلب میں واقع العامریہ – الراموسہ پر امن و امان بحال کرنے کے ساتھ ہی دہشت گردوں کے ساتھ ایک جھڑپ کے بعد جامع البدوی سے الراموسہ جانے والے روڈ کو بھی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے- شامی فوج نے اس کارروائی میں مختلف قسم کے ہلکے اور بھاری ہتھیار استعمال کئے-
العالم کی رپورٹ کے مطابق شامی اور روسی فوج کے بمبار طیاروں نے العامریہ، السکریہ، شیخ سعید، بستان القصر، الکلاسہ اور مشرقی حلب کے علاقوں میں مسلح دہشت گردوں کے اڈوں پر حملے کئے جن کے نتیجے میں دشمن کے دسیوں دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوگئے-
رپورٹ کے مطابق لاذقیہ کے علاقے میں بھی دہشت گردوں کے خلاف شامی فوج اور اس کے اتحادیوں کی کارروائیاں جاری رہیں اور شمالی حلب کے مضافاتی علاقے تل تردین، برزہ تحتانی، کفرسندو اور زھرہ ابوسعید کے پہاڑی علاقوں پر بھی حملے کئے گئے جن میں دسیوں دہشت گرد ہلاک ہوئے-
رپورٹ کے مطابق مشرقی شام کے دیرالزور شہر کے مختلف محاذوں پر شامی فوج اور اس کے اتحادیوں کے حملوں میں جنوب مغربی علاقوں میں داعش دہشت گرد گروہ کے کئی ٹینکوں سمیت دشمن کی بارہ بکتر بند گاڑیاں تباہ ہوگئیں-