بھارت کو پاکستان سے چھیڑ چھاڑ مہنگی پڑے گی، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے قوم متحد اور فوج الرٹ ہے، وزیراعظم کو فی الفور ملک میں واپس آنا چاہیئے، ہماری جانیں ناموس ارض وطن کی امانت ہیں، وطن کی سالمیت پر اپنا تن من دھن قربان کر دیں گے اور دفاع وطن کیلئے فوج کے شانہ بشانہ لڑیں گے۔ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجے، بھارت کے ممکنہ حملے کے ایجنڈے پر آل پارٹیز کانفرنس طلب کی جائے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ انوار مدینہ اچھرہ لاہور میں "کرش انڈیا کانفرنس” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے مفتی محمد حبیب قادری، ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان، راؤ حسیب احمد، حاجی رانا شرافت علی قادری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ بھارت کو پاکستان سے چھیڑ چھاڑ مہنگی پڑے گی، پاکستانی قوم بھارتی ثقافت اور بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کرے، بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کی نئی لہر سے بوکھلا گیا ہے، بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، جنگ چھڑی تو بھارت کو عبرتناک شکست ہوگی، پاکستان کا بچہ بچہ وطن کی سالمیت پر قربان ہونے کیلئے تیار ہے۔
صاحبزادہ حامد رضا کا مزید کہنا تھا کہ تاجر اور سوداگر حکمران پاکستان کا تحفظ نہیں کر سکتے، حکمرانوں نے پاکستان کی سالمیت کو درپیش خطرات سے آنکھیں بند کر رکھی ہیں، اپوزیشن کیخلاف بدزبانی کرنیوالے وزراء بھارت کیخلاف کیوں نہیں بولتے، بھارتی سازشوں کے توڑ کیلئے قومی اتحاد ویکجہتی ناگزیر ہے۔