مودی کے پاکستان مخالف بیانات کی گیدڑ بھبھکیوں سے زیادہ کوئی حیثیت نہیں، معصوم نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہلسنت پیر معصوم نقوی نے کہا ہے کہ کشمیر پر بھارتی وزیراعظم کے پاکستان مخالف بیانات کی گیڈر بھبکیوں سے زیادہ کوئی حیثیت نہیں، اوڑی فوجی مرکز پر حملے کے بعد سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے عالم میں نریندر مودی پریشانی کے باعث پاگل پن کے دورے پڑ رہے ہیں، لیکن ہندو بنیے کو حاصل کچھ نہیں ہوگا۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر عثمان نوری کی قیادت میں جے یو پی پنجاب کے وفد سے گفتگو میں کیا۔ وفد میں ڈاکٹر امجد چشتی، ناصر شیرازی، سید اسد عباس نقوی، احمد علی صابر، عنصر فرید چشتی اور قاری عبدالغفار بھی شامل تھے۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ بھارت کشمیر کے مسئلے پر بری طرح پھنس چکا ہے، کشمیریوں نے اپنا خون دے کر ثابت کر دیا ہے کہ انہیں آزادی سے کم کچھ نہیں چاہیے، ان کی 3 نسلیں آزادی کیلئے قربانیاں دے چکی ہیں، منزل کے حصول تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ عالمی برادری نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آنکھیں بند کرلی ہیں، اقوام متحدہ، یورپی یونین، او آئی سی، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں سب خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، کسی کو خون مسلم کی پرواہ نہیں، حالانکہ انہیں متحرک کردار ادا کرتے ہوئے بھارت پر دباو بڑھانا چاہیے تھا۔
ان کا کہنا تھاکہ جس ملک کا وزیر خارجہ ہی نہ ہو، وہ کشمیر کا کیس عالمی برادری کے سامنے کیسے اٹھائے گا، سرتاج عزیز اور طارق فاطمی جیسی 2 بیساکھیوں سے وزارت خارجہ نہیں چلائی جا سکتی، او آئی سی سعودی فرمانروا کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے، جسے کے بھارت سے دوستانہ تعلقات ہیں، اسی وجہ سے او آئی سی بھی کوئی عملی اقدامات کرنے سے شرما رہی ہے۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ پاکستانی حکومتوں کی بدلتی ترجیحات نے بھی مسئلہ کشمیر کو نقصان پہنچایا، انہیں کشمیر کی آزادی سے زیادہ بھارت کیساتھ تجارت عزیز ہے اور موجودہ حکمرانوں کی دوستی مودی سے ہوگی تو کشمیر پر سخت موقف کون اختیار کرے گا۔