محرم الحرام یزیدیت کیخلاف قیام کا درس دیتا ہے، اعجاز ہاشمی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) محرم الحرام مقدس اسلامی مہینوں میں سے ہے، جو نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ اور ان کے باوفا ساتھیوں کی کربلا میں شہادت کی یاد دلاتا ہے۔ ہجری سال کے اس پہلے مہینے میں وہی اتحاد امت نظر آنا چاہیے جو آخری اسلامی سال کے آخری مہینے ذوالحجہ کے دوران حج بیت اللہ کے موقع پر نظر آیا کہ مسلمان ایک جیسے لباس میں طواف کرتے، شیطان کو کنکریاں مارتے، صفا و مروہ کے درمیان سعی کرتے نظر آئے، شیعہ سنی، اہلحدیث، حنبلی، مالکی اور دیوبندی کی کوئی تفریق نہ رہی۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے لاہور میں علما کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انکا کہنا تھا کہ امام حسینؑ سب کے ہیں، کسی ایک فرقے کے نہیں، اس لئے ان کی عظیم قربانی کی یاد کے مہینے میں فرقہ پرستی، بغض و عناد اور کفروشرک کے نعروں سے گریز کیا جائے، تمام کلمہ گو مسلمان ہیں۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد کیساتھ ہی شرپسند عناصر متحرک ہو جاتے ہیں، تاکہ فرقہ واریت کو ہوا دی جاسکے، لیکن تمام مکاتب فکر یکجہتی کا مظاہرہ کرکے ایسے شرپسندوں کو ناکامی اور شرمندگی سے دوچار کر دیں کیونکہ ہم سب امت واحدہ ہیں، جو ایک خدا، ایک رسول پر ایمان رکھتی اور کعبہ کی طرف منہ کرکے نماز پڑھتی ہے۔
پیر اعجاز ہاشمی نے مزید کہا کہ جو ایک لاکھ 24 ہزار انبیا علیہم السلام ، آسمانی کتب اور پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلٰہ وسلم کے آخری نبی ہونے پر ایما ن رکھتے ہیں وہ مسلمان ہیں، ان کی عزت و تکریم کا خیال رکھنا ہم سب کا فرض ہے۔ محرم الحرام یزیدیت کیخلاف قیام کا درس دیتا ہے، ہمیں حسینیت کا پیروکار بننا ہے، کسی کو تفرقے کا موقع نہ دیں، علما کو چاہیے کہ وہ محرم الحرام میں امن و امان کو یقینی بنائیں۔