کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم تاریخ کا بدترین باب ہیں، علامہ نیاز نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم تاریخ کا بدترین باب ہیں کہ جہاں 80 روز سے تحریک آزادی کا طویل کرفیو نافذ ہے، کشمیریوں کی مظلومیت فلسطینیوں سے بھی زیادہ ہے۔
زرائع کے مطابق جامعتہ المنتظر لاہور میں خطاب کرتے ہوئے علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ وزیراعظم میاں نوازشریف کا اقوام متحدہ میں خطاب قوم کی ترجمانی اور مختلف سربراہان مملکت سے ملاقاتیں قابل تحسین ہیں لیکن کمزور سفارتکاری اور جلدبازی میں وہ نتائج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے حاصل نہیں کئے جا سکے، جن کی توقع تھی۔ بلوچستان میں بھارتی مداخلت، گلگت بلتستان کے حوالے سے مودی کے بیانات اور خفیہ ایجنسی را کے اہلکار کلبھوشن کی گرفتاری کے حوالے سے تو انہیں عالمی سطح پر حالات سے پردہ اٹھانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے پاس اپنی کمزور سہی، حکومت ہے، ان کے پاس اسلحہ بھی ہے مگر کشمیری تقسیم برصغیر سے اب تک آزادی کی جنگ نہتے لڑ رہے ہیں، ان کے پاس اپنی حکومت ہے اور نہ ہی اسلحہ، وہ بھارت جیسی ظالمانہ ایٹمی قوت سے لڑ رہے ہیں تو ان کی جرات و بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ طولانی کرفیو میں جس طریقے سے نوجوانوں کیساتھ خواتین اور بچے جدوجہد آزادی کیلئے سبز ہلالی پرچم لے آزادی کا نعرہ لگاتے اور انڈیا سے اظہار نفرت کرتے ہیں، دنیا کی جمہوریت کہلانے والی موثر ریاستوں کے ضمیر کو جھنجوڑنے کیلئے کافی ہے۔ علامہ نیاز نقوی نے افسوس کا اظہارکیا کہ اسلامی ممالک اپنے کشمیری بھائیوں کی وہ حمایت نہیں کر رہے جو ان کا فرض بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ملک پاکستان کیخلاف کوئی جارحانہ انداز اختیار کیا تو بہادر افواج کی بہادری اپنی جگہ تسلیم شدہ ہے ہی انشااللہ پوری قوم نہ صرف اپنے بہادر سپاہیوں کے ساتھ ہوگی بلکہ پوری قوم فوج بن جائے گی اور ہندوستان کے لئے منہ چھپانے کیلئے جگہ نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہادت تو مومن کی آرزو ہے کیونکہ زندگی اللہ تعالیٰ کی امانت ہے، انسان نے ایک دن مرنا ہی ہے لیکن اگر موت دین، وطن ، عزت و ناموس کی حفاظت کرتے ہوئے آجائے تو اس سے زیادہ بڑی سعادت کوئی نہیں۔