پاکستان کو ضمیر فروش نہیں سرفروش حکمرانوں کی ضرورت ہے، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) حکمران خوشیاں نہیں خودکشیاں بانٹ رہے ہیں، بھارتی وزیراعظم مودی جنگ کا سوداگر اور نفرت کا بیوپاری ہے، پاک بھارت جنگ ہوئی تو اہلسنّت کے مدارس اور خانقاہیں پاک فوج کے شانہ بشانہ دفاع وطن کے دفاع کے لئے جہاد میں شریک ہونگے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار سنی اتحاد کونسل پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے فیصل آباد میں اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے لئے آنے والے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف بھارت کو للکار رہے ہیں، جبکہ وزیراعظم لندن میں سیر سپاٹوں میں مصروف ہے، پاکستان کو ضمیر فروش نہیں سرفروش حکمرانوں کی ضرورت ہے، مودی کا جنگی جنون بھارت کو لے ڈوبے گا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ضمنی الیکشن بہت کم مارجن سے جیتے ہیں، حکومتی جماعت کا ووٹ بینک کم ہو رہا ہے، ضمنی الیکشن میں کامیابی حکومت کی مقبولیت کی دلیل نہیں کیونکہ ضمنی الیکشن ہمیشہ برسر اقتدار جماعت ہی جیتتی ہے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ بھارت نے پاکستان پر حملے کی حماقت کی تو 1965ء کی طرح اسے لاشیں اٹھانے کا بھی موقع نہیں ملے گا، ہر محب وطن پاکستانی دفاع وطن کیلئے جان دینے اور جان لینے کے جذبے سے سرشار ہے، عالمی برادری بھارت سے کشمیریوں کا حق خود ارادیت تسلیم کرانے میں کردار ادا کرے، مودی بھارت کا گوربا چوف ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں اور اقوام متحدہ بھارتی آبی جارحیت کا نوٹس لے، حکومت بھارت کی آبی دہشتگردی کا مقدمہ عالمی عدالت انصاف میں پیش کرے، بھارتی حکمرانوں پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلنا چاہیئے، مودی کا جنگی جنون بھارت کو لے ڈوبے گا۔