Uncategorized

دشمن ہمیں تقسیم کرکے لڑانا چاہتا ہے، علماء کرام فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو فروغ دیں، سید مراد علی شاہ

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تمام مکتب فکر کے علماء اور مشائخ پر زور دیا ہے کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے کیونکہ ہمارا دشمن ہمیں تقسیم کراکے ایک دوسرے کے خلاف لڑوانا چاہتا ہے۔

زرائع کے مطابق نیو سندھ سیکریٹریٹ میں محرم الحرام کے دوران فرقہ ورانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کے حوالے سے تمام مکتبہ فکر کے علماء اور مشائخ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ان کو یہ دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے کہ مختلف مکتب فکر کے علماء آج اس دوستانہ ماحول میں ایک دوسرے کی تعظیم کرتے ہوئے اس اجلاس میں شریک ہیں اور مجھے یقین ہے کہ اس قسم کی ملاقاتیں اور ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کا عمل آگے بڑھانے سے غلط فہمیاں، غلط معلومات سمیت ایک دوسرے سے اختلافات ختم ہو جائیں گے۔ اس لئے اس قسم کی ملاقاتیں ہر ماہ ہونی چاہئیں۔ علماء کی سفارشات پر وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے جلسے جلوسوں کے علاقوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور ہر علاقے میں پینے کے پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔

انہوں نے آئی جی سندھ پولیس کو ہدایت کی کہ جلسے جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کے ضروری انتظامات کئے جائیں اور ایس ایچ او کی سطح سے لے کر آئی جی سندھ کی سطح تک علماء کے ساتھ کو آرڈی نیشن کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں نصب تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی مرمت کرکے ان کو فعال بنایا جائے اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور سی سی ٹی وی موبائل وین کے ذریعے شہر کے اہم علاقوں میں کڑی نگرانی کی جائے۔ انہوں نے آئی جی سندھ پولیس کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو میڈیا کے ذریعے متبادل ٹریفک راستوں کے حوالے سے آگاہی دیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے علماء کے مشورے پر کمشنر کراچی کو ہدایت دی کہ وہ اسسٹنٹ کمشنرز سے کمشنر کی سطح پر تمام علماء سے بہتر رابطے میں رہیں اور وہ ذاتی طور پر ڈی ایم سی کے چیئرمین اور کے ایم سی کے میئر کے ساتھ رابطہ کر کے محرم کے جلوسوں کے راستوں اور جلسوں کے علاقوں میں میونسپل خدمات کی بہتری کو یقینی بنائیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button