سنی اتحاد کونسل کا "کرش انڈیا" مہم چلانے کا اعلان
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام منعقدہ اہلسنّت جماعتوں کے مشترکہ اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 30 اہلسنّت جماعتیں کرش انڈیا مہم اور نظام مصطفی نافد کرو تحریک چلائیں گی، جعلی جہادیوں کیخلاف اجتماعی جامع شرعی فتویٰ جاری کرنے کیلئے علماء کی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، بھارتی جارحیت کی صورت میں فوج کیساتھ محاذ پر لڑنے کیلئے رضا کاروں کی فہرستیں تیار کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ 29 اکتوبر کو راولپنڈی میں ملک گیر ’’پاکستان زندہ باد کنونشن‘‘ ہو گا، یکم تا 10 محرم ’’عشرہ پیغام حسینؑ‘‘ منایا جائے گا، اسلام کیخلاف پروپیگنڈہ کے جواب کیلئے یورپی ملکوں میں صداقت اسلام کانفرنسز منعقد کی جائیں گی۔
زرائع کے مطابق30 اہلسنّت جماعتوں کا مشترکہ اجلاس سنی اتحاد کونسل کی دعوت پر جامعہ رضویہ فیصل آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ بھارت کیخلاف جہاد کا وقت آیا تو اہلسنّت سب سے آگے ہونگے، بھارت کا سرجیکل ڈرامہ فلاپ ہو گیا ہے، محرم کے بعد حکومت کیخلاف بڑا محاذ لگے گا، دہشتگردی کا مرکز پاکستان نہیں بھارت اور افغانستان ہے، مودی کان کھول کر سن لے پوری قوم دفاع وطن کیلئے اپنی بہادر فوج کی پشت پر کھڑی ہے، بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے سیاسی و عسکری قیادت متحد ہے، پاک فوج کے دندان شکن جواب نے مودی کے اوسان خطا کر دیئے ہیں۔ مشترکہ اجلاس کی منظور کی گئی قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت بھارت کیخلاف جہاد کا اعلان کرے، بھارتی فلموں اور ڈراموں کی نمائش پر پابندی لگائی جائے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کے ورثاء کو انصاف فراہم کیا جائے، صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی کی غیر منصفانہ سزا ختم کرکے انہیں رہا کیا جائے، حکومت نفاذ شریعت کا آئینی تقاضا پورا کرے، وزیراعظم قانون ناموس رسالت میں کسی بھی قسم کی کوئی تبدیلی نہ کرنے کا دو ٹوک اعلان کریں۔
اجلاس کے آخر میں پیش کی گئی قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ قادیانیوں کی اسلام دشمن سازشوں کا سدباب کیا جائے ۔پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات کروائی جائیں، حکومت بھارتی آبی دہشتگردی روکنے کیلئے اقدامات کرے، مساجد اور مدارس کیخلاف سازشیں بند کی جائیں، حکومت مظلوم کشمیریوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی مدد کیلئے بھر پور اقدامات کرے اور بھارت کیخلاف عالمی سطح پر سفارتی مہم چلائے۔ اجلاس میں کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے شہید ہونیوالے جمعہ خان اور امتیاز احمد کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
اجلاس کے شرکاء میں جماعت اہلسنّت پنجاب کے امیر مفتی محمد اقبال چشتی، انجمن طلباء اسلام کے مرکزی صدر سید بو علی شاہ، نیشنل مشائخ کونسل کے صدر خواجہ غلام قطب الدین فریدی، سنی اتحاد کونسل کے رہنما میاں فہیم اختر، مرکزی جے یو پی کے سیکرٹری جنرل بیرسٹر صاحبزادہ حسین رضا، نظام مصطفی پارٹی کے رہنما مولانا سید آفتاب عظیم بخاری، سنی تحریک کے رہنما مولانا محمد صدیق قادری، تنظیم المساجد پاکستان کے مفتی محمد حسیب قادری، پاکستان فلاح پارٹی کے صدر محمد ظہور چشتی، مصطفائی تحریک کے ممتاز ربانی، علماء بورڈ کے پیر حامد سرفراز، جانثاران ختم نبوت کے مولانا سیف سیالوی، تحریک فروغ اسلام کے مفتی مشتاق نوری، تحفظ ناموس رسالت محاذ کے جنر ل سیکرٹری مولانا محمد علی نقشبندی، تنظیم اتحاد امت کے چیئرمین محمد ضیاء الحق نقشبندی، سنی یوتھ ونگ کے صدر صاحبزادہ حسن رضا، انجمن خدام الاولیاء کے صدر صاحبزادہ محمد احمد قادری، تحریک مشائخ اہلسنّت کے سربراہ پیر میاں غلام مصطفی،مرکزی مجلس چشتیہ کے سربراہ پیر طارق ولی چشتی، تحریک نفاذ فقہ حنفیہ کے علامہ یعقوب فریدی، محاذ اسلامی کے مولانا تنویر الاسلام نقشبندی، انجمن طلباء مدارس عربیہ کے مولانا فہد الاسلام اور دیگر شامل تھے۔