وطن عزیز کو نقصان عزاداری نے نہیں تکفیری سوچ نے پہنچایاہے ، علامہ ولایت حسین جعفری
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) تکفیری دہشتگرد ماہ محرم الحرام میں مجالس عزاء کو نشانہ بنانے کی کوشش کریں گے،حکومت سیکورٹی انتظامات کرے۔ عزاداران امام حسین علیہ السلام پر امن اور ظلم کے خلاف ہیں۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ ولایت حسین جعفری نے محرم الحرام کی مناسبت سے ڈویژنل کابینہ کے ساتھ میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔علامہ ولایت جعفری نے دوران مجالس ، سیکورٹی اور دیگر معاملات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر سال ماہ محرم الحرام میں پاکستان کے ہر شہر میں مجالس اور ماتم داری کا انعقاد ہوتا ہے اور عزاداران سید الشہداء علیہ السلام ان مجالس میں شرکت کرتے ہیں۔مجالس کا یہ سلسلہ سینکڑوں سالوں سے جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام عزاداران امام حسین علیہ السلام پرامن ہیں اور تاریخ کے سب سے بڑے ظالم یعنی یزید کے خلاف احتجاج کرتے آئے ہیں انکا کہنا تھا کہ عزاداری نے ملک کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچایا مگر بعض تکفیری نظریات کے حامل کچھ ایسے لوگ ہیں جو صبح و شام عزاداری امام حسین ؑ کی مذمت کرتے نظر آتے ہیں اور مجالس، عزاداروں اور جلوسوں پر جتنے حملے ہوتے ہیں ان میں یہی تکفیری دہشتگرد گروہ ملوث ہے۔
علامہ ولایت جعفری نے مزید کہا کہ ماہ عزاء میں جگہ جگہ مجالس اور ماتم داری کا انعقاد ہوگا اور عوام بڑی تعداد میں ان مجالس میں شریک ہونگے۔ حکومت ماہ محرم الحرام میں سیکورٹی کا انتظام یقینی بنائے، جن مساجد اورامام بارگاہوں میں مجالس کا انعقاد ہونے والا ہے وہاں انتظامیہ کے افراد تعینات کئے جائے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداران امام حسین علیہ السلام نے ہر سال نظم و ضبط کی بہترین مثال دی ہے، حکومت کو ان کی جانب سے کسی تلخ رویے کا سامنا نہیں کرنا پڑتا اسکے علاوہ نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے اسکاوٹس کے رضا کار بھی انتظامیہ کے ساتھ ہونگے۔