ہم نے اپنے آہنی عزم سے تکفیری دشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، ثناءااللہ زہری
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری نے کہا ہے کہ پہلے ہم تکفیری دہشتگردوں کے خوف سے چھپتے پھرتے تھے، اب وہ تکفیری دہشتگرد ہم سے چھپتے ہیں، لیکن ہم ان کا آخری حد تک پیچھا کرکے انہیں ان کے بلوں سے نکال کر کیفر کردار تک پہنچائیں گے، تین سال قبل اور آج کے حالات میں زمین و آسمان کا فرق ہے، امن کے حوالے سے ہم نے کبوتر کی مانند آنکھیں بند نہیں کیں بلکہ اپنی آئینی ذمہ داریوں کو ادا کرتے ہوئے تکفیری دہشتگردوں کی آنکھوں میں آنکھ ڈال کر ان کا مقابلہ کیا۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے یارو پشین اور یارو بوستان سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلٰی نے کہا کہ ہم نے اپنے آہنی عزم سے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، میرے اور میرے ساتھیوں کے دل میں عوام کے لئے درد ہے، حکومت بناتے وقت ہم نے یہ عزم کیا تھا کہ بلوچستان کو پرامن صوبہ بنائیں گے، ہمارے عزم پہاڑوں اور چٹانوں سے زیادہ مضبوط ہیں، ہم سب ملکر دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ عوام کے تعاون سے تکفیری دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے۔انھوں نے کہا کہ مجھے اور کابینہ کے اراکین کو دہشتگردوں کی جانب سے دھمکیاں ملتی ہیں، لیکن ہم انہیں بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہم ان سے ڈرنے والے نہیں اور نہ ہی ہم اپنے عزم سے پیچھے ہٹیں گے۔
اس موقع پر صوبائی وزراء ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، عبدالرحیم زیارتوال، سردار مصطفٰی خان ترین، رحمت صالح بلوچ، اراکین صوبائی اسمبلی مجید خان اچکزئی، سید لیاقت آغا اور نصر اللہ زیرے، ڈسٹرکٹ چیئرمین پشین کے علاوہ میئر میونسپل کارپوریشن پشین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ عوام کی ایک بہت بڑی تعداد نے جلسہ میں شرکت کی۔