ملتان، پولیس کا محرم سکیورٹی پلان جاری، انتظامی افسران کے امام بارگاہوں کے دورے
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )پولیس نے محرم سکیورٹی پلان جاری کردیا، ڈی سی اوز کے زیرصدارت امن کمیٹیوں کے اجلاس میں امام بارگاہوں، جلوس روٹس کا جائزہ لیا گیا۔ تفصیل کے مطابق پولیس نے محرم الحرام کے حوالہ سے اپنے سیکیورٹی پلان حتمی شکل دیکر جاری کر دیا ہے۔ محرم الحرام کے دوران ملتان شہر سے کل 487 جلوس برآمد ہوں گے جن میں سے 104 جلوس A کیٹیگری جبکہ 383 جلوس Bکیٹیگری میں شامل ہیں۔شہر بھر میں مختلف مقامات پر کل 1591 مجالس بھی منعقد ہوں گی ان مجالس میں 441 مجالس کا تعلق A کیٹیگری سے جبکہ 1150 مجالس کا تعلق B سے ہے۔
زرائع کے مطابق محرم الحرام کے موقع پر ہونے والی مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے ملتان پولیس کے 4500 ہزار سے زائد پولیس افسران و جوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے جن کی معاونت 1110 قومی رضا کاراور 750 رضا کار کریں گے۔ سٹی پولیس آفیسر ملتان ڈاکٹر رضوان تمام سیکیورٹی انتظامات کی سرپرستی کریں گے، جبکہ تمام ڈویژنل ایس پی اپنے اپنے ڈویثرن کے انچارج ہوں گے۔ اس سلسلہ میں دو محرم الحرام اور سات محرم الحرام کے فلیگ مارچ بھی کیا جائے گا جبکہ شہر بھر کے اہم مقامات پر ناکہ بندی بھی کی جائیگی اور ایلیٹ فورس اور پولیس کے چاک و چوبند دستے شہر بھر میں گشت کریں گے۔ سی پی او ملتان ڈاکٹر رضوان نے سیکیورٹی پلان بارے پولیس افسران و اہلکاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دروان ضلع ملتان میں 29/30 ذوالحج سے مجالس اور جلوسوں کا آغاذ ہوتا ہے یکم محرم سے دس محرم تک عام طور پر اور چہلم تک خاص طور پر مجالس عزا، جلوس، مجالس علم/ذوالجناح، پنگوڑہ، مہندی، سیج، جلوس تعزیہ علم، ذوالجناح برآمد ہوتے ہیں۔
تمام جلوسوں اور مجالس کی نگرانی متعلقہ ایس ڈی پی اوز /ایس ایچ اوز کریں گے۔ جو خود تمام ڈیوٹی کی نگرانی، کمی بیشی، بروقت مقام ڈیوٹی پر نفری بھجوانے، ملازمان کو بریف کرنے کے علاوہ قابل اعتراض وال چاکنگ، پوسٹر، پمفلٹ، تقاریر اور لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر کڑی نظر رکھیں گے۔ تمام افسران و ملازمان غیرجانبداری، انتہائی خوش اخلاقی اور دیانتداری سے ڈیوٹی سرانجام دیں۔ مجالس اور جلوس میں وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گیا۔ پولیس لائن میں مناسب تعدار میں ریزرو ہائے الرٹ رہیں گی جن کو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر طلب کیا جا سکے گا۔