ڈی آئی خان، امن معاہدوں پہ ہرصورت عمل کیاجائیگا، بریگیڈئیر محمد عاطف منشا
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )اسٹیشن کمانڈر بریگیڈئر محمد عاطف منشاء نے کہا ہے کہ پاک فوج محرم الحرام میں امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھی گی۔ کسی کو فتنہ پھیلانے اور شرانگیزی کی اجازت نہیں دینگے۔ محرم کے مقدس مہینے میں علماء کرام و زاکرین ممبر رسول کا غلط استعمال نہ کریں امن معاہدات پر عمل کیا جائے گا۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسٹیشن ہیڈکوارٹر ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام کے سلسلے میں بلائے گئے شیعہ سنی اکابرین، عمائدین شہر، تاجران، منتخب نمائندوں اور میڈیا کے نمائندوں پر مشتمل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کمشنر ڈیرہ ڈاکٹر اختر نذیر وڑائچ، آر پی او شیر اکبر، ڈپٹی کمشنر معتصم باللہ شاہ، ڈی پی او یاسر آفریدی، تحصیل ناظم عمر امین گنڈہ پور سمیت واپڈا، ٹی ایم اے و دیگر محکموں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سہیل احمد اعظمی، محمد حنیف پیپا ایڈوکیٹ، مخدوم مرید کاظم، عبدالحلیم قصوریہ، ضلع ممبر عبدالماجد دھپ، چوہدری شفیق، سید فیاض شاہ بخاری اور ڈاکٹر عبد اللہ ظفری سمیت دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور محرم کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔
اسٹیشن کمانڈر بریگیڈئر محمد عاطف منشاء نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی عوام مٹھی کی طرح متحد ہے، پاک فوج اور سکیورٹی ادارے امن کے حوالے سے کسی کونا امید نہیں کریں گے۔ اس مقدس مہینے کے دوران حساس مقامات پر پاک فوج بجلی کے مسئلہ کے حل کیلئے سول اداروں سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ شہری دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے ہوشیار ہو جائیں، پاک فوج اور سول انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں، مشکوک شخص کی اطلاع فوری طور پر سکیورٹی اداروں کو دی جائے۔ کمشنر ڈیرہ ڈاکٹر اختر نذیر وڑائچ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے دوران بجلی کے مسائل پیدا نہیں ہونے دیں گے۔ صفائی اور سٹریٹ لائٹس سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے ٹی ایم اے کے اہلکار گلیوں محلوں میں کام کررہے ہیں۔ آر پی او شیر اکبر نے کہا کہ امام بارگاہوں پر پولیس کی نفری تعینات کردی گئی ہے جو 24 گھنٹے اپنی ڈیوٹی سر انجام دے گی۔ ڈی پی او یاسر آفرید ی نے کہا کہ شہر اور مضافاتی علاقوں میں خفیہ کمیرے کام کررہے ہیں، اجلاس کے آخر میں شیعہ سنی اکابرین نے پاک فوج اور سول انتظامیہ کو یقین دلایا کے ہم سب ملکر علاقے میں بھائی چارے کی فضاء پیداکریں گے اور محرم الحرام کو پر امن گزاریں گے۔