Uncategorized

فیصل آباد، کمشنر کی قیادت میں امن مارچ، مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں کی شرکت

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )محرم الحرام کے حوالے سے شہریوں میں قومی یکجہتی، اتحاد و اتفاق، بھائی چارے، پیارومحبت کے پیغام کو اجاگر کرنے کے لئے امن مارچ کیا گیا، جس کی قیادت ڈویژنل کمشنر مومن آغا، آرپی او بلال صدیق کمیانہ، ڈی سی او سلمان غنی اور سی پی او افضال احمد کوثر نے کی۔

زرائع کے مطابق امن مارچ مرکزی امام بارگاہ ڈگلس پورہ سے شروع ہوکر کوتوالی روڈ، بھوآانہ بازار سمیت محرم جلوسوں کے دیگر مختلف راستوں سے گزرتا ہوا چوک گھنٹہ گھر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ امن مارچ میں مجلس وحدت مسلمین فیصل آباد کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر افتخار نقوی،ضلعی امن کمیٹی کے ارکان سید جعفر حسین نقوی، صاحبزادہ فیض رسول، قاری یٰسین ظفرکے علاوہ جنرل سیکرٹری انجمن تاجران محمود عالم جٹ، اسسٹنٹ کمشنرز سٹی وصدر بلاول ابڑو، رافیعہ حیدر، چیف ٹریفک آفیسر عارف شہباز خاں، ایس ایس پی آپریشنز محمد معصوم، محکمہ صحت، سول ڈیفنس، واسا، ایف ڈی اے، فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر محکموں کے افسران اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ امن مارچ کا مقصد شہریوں کو محرم الحرام کے حساس ایام میں مذہبی رواداری اور امن وامان برقرار رکھنے کا پیغام دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز مشکل دور سے گزر رہا ہے اور ان حالات میں امن کی راہ میں حائل ملک دشمن عناصر کے مذموم مقاصد کو متحد ہو کر ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کو خوشگوار ماحول میں منانے کے لئے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں، جنہیں کامیاب بنانے میں تمام مکاتب فکر کے طبقا ت کا تعاون از حد ضروری ہے۔ آر پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ امن مارچ میں تمام طبقات کی بھرپور شرکت امن و آشتی کا پیغام دی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے تمام جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں اور ویڈیو ریکارڈنگ کے ذریعے مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور حساس مقامات پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کے علاوہ اضافی پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔

ڈی سی او اور سی پی او نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ و پولیس نے محرم پر سیکورٹی کے سخت ترین اقدامات کر رکھے ہیں اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں، جلوسوں، مجالس اور دیگر تقریبات کی سخت ترین نگرانی کے علاوہ ریسکیو ایمرجنسی سروسز کو بھی ہائی الرٹ رکھا گیا ہے، ضلعی و پولیس کنٹرول رومز قائم کرکے تمام متعلقہ محکموں کے سٹاف کی ڈیوٹیز لگا دی گئی ہیں۔ انہوں نے مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے سلسلے میں امن کمیٹی کے ارکان کے بھر پور تعاون کو سراہا اور شہریوں سے کہا کہ وہ امن و امان قائم رکھنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button