عاشورا کے بعد کالعدم جماعتوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ملک سے انتہاپسندی اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے حکومت اور سکیورٹی اداروں نے کمر کس لی ہے اور عاشورا کے بعد کالعدم جماعتوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے رینجرز پنجاب سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں بھی آپریشن کرئے گی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں آپریشن کے حوالے سے صوبائی حکومت نے غیر مشروط آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی اجلاس کے بعد سول و عسکری قیادت کے مشترکہ اجلاس میں کالعدم تنظیموں اور جہادیوں کیخلاف کارروائی کیلئے بحث کی گئی جس میں حکومت نے سکیورٹی اداروں کو کالعدم جماعتوں کیخلاف آپریشن کیلئے گرین سگنل دے دیا ہے۔ اس حوالے سے پنجاب حکومت نے کچھ اضلاع کو حساس قرار دیا ہے جن میں ترجیحی بنیادوں پر رینجزز آپریشن کرے گی۔ حساس اضلاع میں لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، مظفر گڑھ، راجن پور، رحیم یار خان، سیالکوٹ، سرگودھا، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور دیگر اضلاع شامل ہیں۔ حساس اداروں کو معلومات فراہم کی جائیں گی جن کی بنیاد پر مرحلہ وار آپریشن کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق رواں ماہ کے آخر میں آپریشن کا آغاز کر دیا جائے گا۔ رینجرز کیساتھ پولیس سپورٹنگ فورس کے طور پر فرائض سرانجام دے گی۔