ہم بہت مطمئن لیکن دشمن بہت ہی چالاک ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کا دورہ کیا اور سیکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہت مطمئن ہیں لیکن دشمن بہت چالاک ہے۔
زرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ ایم اے جناح روڈ پہنچے جہاں انہوں نے 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے 10 محرم الحرام کے جلوس کی مانیٹرنگ کی اور سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سکھر شکارپور، جیکب آباد، خیرپور کے ماتمی جلوسوں کا فضائی معائنہ بھی کیا اس موقع پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ بھی ان کے ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہم بہت مطمئن ہیں لیکن دشمن بہت ہی چالاک ہے تاہم اس کے باوجود خاموش نھیں بیٹھیں گے اور اسی لئے سندھ بھر ميں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے خود نکلا ہوں، تمام اضلاع میں سکیورٹی اور انتظامی حوالے سے بہتر انتظامات کئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جلوس کے منتظمین نے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کیا تاہم کراچی سمیت سندھ بھرمیں سیکیورٹی خدشات بھی موجود ہیں۔