فرقہ واریت اور منافرت پھیلانے والے خارجی عناصر امریکہ و بھارت کے ایجنٹ ہیں، معصوم نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) محرم الحرام کا تقدس ہر مسلمان پر فرض ہے، سید الشہدا امام حسین علیہ السلام کے یزیدیت کیخلاف قیام کے مہینے میں امن و امان قائم رکھنے پر فوج کا کردار قابل تحسین ہے، کالعدم تکفیری دہشتگرد گروہوں اور دھمکیاں دینے والوں کو لگام دینے کے مثبت اثرات مرتب ہوئے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہلسنت پیر معصوم حسین نقوی نے لاہور میں پیر اختر رسول قادری، ڈاکٹر امجد حسین چشتی اور عنصر فرید چشتی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پیر معصوم نقوی کا کہنا تھا کہ محرم الحرام میں شیعہ سنی اتحاد مثالی رہا، جس کا کریڈٹ سکیورٹی اداروں اور پُرامن مذہبی قیادت کو جاتا ہے کیونکہ تکفیری دہشتگردوںوں کے گرد گھیرا تنگ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے میں شیعہ و سنی دونوں مکاتب فکر کے پیروکاروں کا کردار مثالی رہا ہے اور انہیں اب استحکام پاکستان کیساتھ وطن دشمن عناصر کا قلع قمع بھی کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ دہشتگردی کے کسی بڑے واقعہ کا نہ ہونا ثابت کرتا ہے کہ عوام پُرامن ہیں، چند تکفیری خارجی عناصر نے اپنی سوچ لوگوں پر مسلط کرنے کی سازش کی تو انہیں منہ کی کھانی پڑی۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ اتحادو وحدت کی موجودہ فضا برقرار رکھی گئی تو جلد ملک سے فرقہ واریت کا خاتمہ ہوگا اور خارجی عناصر ختم ہو جائیں گے۔
پر معصوم ںقوی کا مزید کہنا تھا کہ تمام مکاتب فکر اسلام کے پیروکار ہیں، فقہی اختلافات کو دشمنی کا باعث نہیں بننا چاہیے، اسلام پیار و محبت اور الفت کا دین ہے، دہشتگردی اور تکفیریت پھیلانے والے مسلمان نہیں ہو سکتے، یہ خارجی عناصر بھارت اور امریکہ کے ایجنٹ ہیں، جو اسلام کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، عوام ان سے باخبر رہیں۔