پنجاب پولیس کی جانب سے فورتھ شیڈول میں شامل تکفیری ملاؤں کی گرفتاریوں کا فیصلہ
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )آئی جی پولیس پنجاب نے یوم عاشور کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کرنے پر اعلیٰ افسران سمیت پوری فورس کو شاباش دیتے ہوئے پولیس کومحرم الحرام کے باقی ایام میں بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کا حکم دیا ہے۔
زرائع کے مطابق آئی جی پنجاب پولیس مشتاق سکھیرا نے وزارتِ داخلہ کی ہدایت پر فورتھ شیڈول میں شامل کالعدم سپاہِ صحابہ،لشکرِ جھنگوی،جیشِ محمد کے تکفیری ملاؤں اور دہشتگردوں کی گرفتاری کے احکامات جاری کرتے ہوئے پنجاب بھرکے اضلاع سے فورتھ شیڈیول میں شامل تکفیری ملاؤں اور دہشتگردوں کے ناموں پر مشتمل فہرست طلب کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ان تکفیری ملاؤں اور دہشتگردوں کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق فورتھ شیڈیول میں شامل جنوبی پنجاب کے تکفیری ملاں اور دہشتگرد گرفتاریوں کے خوف سے روپوش ہونا شروع ہو گئے ہیں۔دوسری جانب محرم الحرام کے آغاز سے لےکر چہلم امام حسینؑ تک پنجاب کے تمام اضلاع میں مجالس کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ پنجاب بھر میں کئی اہم مجالس کا ہونا ابھی باقی ہے جبکہ لاہور میں چہلم اور داتا دربار کے عرس کے حوالے سے ابھی سے ازسر نو سیکیورٹی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
آئی جی پولیس پنجاب نے سی سی پی او لاہور اور پنجاب بھر کے تمام افسران کو ایس او پیز کے مطابق ڈیوٹی لگانے کا حکم دیا ہے جبکہ ممکنہ دہشتگردی کے پیش نظر بھی آئی جی آفس میں آئندہ چند روز میں ایک اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے جس میں تمام آر پی اوز اور سی سی پی اوز سمیت دیگر افسران کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی۔