Uncategorized

ٹارگٹ کلنگ اور زائرین امام حسینؑ کو مناسب سیکیورٹی نہ دینے کے خلاف شیعہ علماء کونسل کے سندھ بھر میں مظاہرے

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کی جانب سے کراچی میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ اور تفتان باڈر پر بلوچستان حکومت کی جانب سے زائرین امام حسینؑکو مناسب سیکیورٹی نہ دینے کے خلاف سندھ بھر میں مظاہرے کئے گئے۔

زرائع کے مطابق کراچی میں مرکزی مظاہرہ خوجہ اثناء عشری مسجد کھارادر میں کیا گیا، جس میں شیعہ علماء کونسل کے پولیٹیکل سیکرٹری یعقوب شہباز، علامہ کامران حیدر عابدی اور مسلم رضا عابدی سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب میں علامہ کامران حیدر عابدی کا کہنا تھا کہ کراچی میں دہشت گردوں کی منظم کاروائی نے سیکیورٹی فورسز کی پول کھول دی ہے، گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے اور آج تک کئی ہزار بے گناہ افراد اس دہشت گردی کا نشانہ بن چُکے ہیں لیکن حکومت اور ریاستی ادارے تا حال اس دہشت گردی کو روکنے میں ناکام نظر آتے ہیں، دہشت گرد وقفے وقفے سے اپنے ہدف کو نشانہ بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں اور بعد میں حکومت اور سیکورٹی فورسز کے ادارے لکیر پیٹنے کے سوا کچھ نہیں کرتے، یہ کھیل گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان میں کھیلا جارہا ہے، اس طرح کے واقعات آپریشن ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان پر کئی سوالات اُٹھاتے ہیں کہ اتنے وسیع آپریشن کے باوجود دہشت گردوں کی کاروائی افسوس ناک عمل ہے۔

سیکرٹری سیاسیات یعقوب شہباز کا کہنا تھا کہ عوام کو تکفیری دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، کب تک عوام اپنے پیاروں کے جنازے اٹھاتے رہیں گے، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ریاست پاکستان کے پاس کوئی جامع پالیسی موجود نہیں ہے، کوئی ہے جو عوام کو یہ حقائق بتائے کہ دہشت گردوں کا اتنا منظم نیٹ ورک کس کی پشت پنا ہی پر چل رہا ہے اور اتنا وسیع سرمایہ دہشت گردی پر استعمال ہونے کے لئے کہا سے آتا ہے، یہ وہ سوالات ہیں کہ جن کے جوابات ریاست پاکستان کو دینے ہوں گے کہ ریاست میں ریاست کس نے بنائی، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن صرف کراچی میں نہیں بلکہ پورے ملک میں بلاتفریق کیا جائے کیونکہ دہشت گرد کسی ایک علاقے یا صوبے سے نہیں بلکہ یہ ناسور پورے ملک کے گوش و کنار میں پھیلا ہوا ہے، مدارسوں کی رجسٹریشن اور اُن کے لئے بنائے جانے والے قانون سے دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوگا، جب تک دہشت گردوں اور اُن کے سہولت کاروں کو سزائے موت نہیں دی جائے گی اُس وقت تک پاکستان ایسی صورتحال سے دوچار رہے گا، ہم حکومت کو متوجہ کرتے ہیں کہ محرم الحرام میں ہزاروں کی تعداد میں زائرین کوئٹہ کے راستے ایران و کربلا کا سفر کرتے ہیں جن کی سیکورٹی اور سہولت کے لئے حکومت بلوچستان نے کوئی سنجیدہ اقدام نہیں کیا ہے، اگر زائرین کے ساتھ کوئی بھی حادثہ پیش آیا تو اس کی ذمہ داری وفاقی اور صوبائی وزیر داخلہ پر عائد ہوگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button