بھارتی فورسز کی ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کی خلاف ورزی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) کی جانب سے ورکنک باؤنڈری پر پاکستانی علاقوں میں دو مختلف مقامات پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میںایک معصوم بچی شھید 8 پاکستانی شہری زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بی ایس ایف نے ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چوپرار اور ہرپال سیکٹر میں پاکستانی علاقوں میں شیلنگ کی۔پاک فوج کا کہنا تھا کہ پنجاب رینجرز کے اہلکاروں نے بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کا بھر پور جواب دیا، تاہم بی ایس ایف کی پاکستانی علاقوں میں شیلنگ اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک معصوم بچی شھید جبکہ 2 خواتین 8پاکستانی شہری زخمی ہوگئے جن میں سے ایک خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ 22 اکتوبر کو بی ایس ایف نے ورکنگ باؤنڈری پر متعدد پاکستانی فوجی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے دعویٰ کیا تھا تاہم پاکستان نے بھارت کے ان دعوؤں کو مسترد کردیا تھا۔پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاک رینجرز کے دستوں نے انڈین فورسز کی فائرنگ کا بھرپور انداز میں جواب دیا جبکہ اس دوران پاکستان کی جانب کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔اس سے قبل غیر ملکی میڈیا رپورٹس نے انڈین بارڈر سیکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ ورکنگ باؤنڈری پر پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی، اور ان کی جوابی کارروائی میں 7 پاکستانی اہلکاروں سمیت 8 افراد شھید ہوگئے۔
خیال رہے کہ اسی روز صبح آئی ایس پی آر نے ایک جاری بیان میں کہا تھا کہ ہندوستان کی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ اور شیلنگ کی گئی، جس کا پنجاب رینجرز نے بھرپور جواب دیا۔رواں ماہ 18 ستمبر کو اڑی حملے کے بعد سے ہندوستانی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔رواں ہفتے 19 اکتوبر کو بھی ہندوستانی فورسز نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیرالہ سیکٹر پر ایک دن میں متعدد مرتبہ بلا اشتعال فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ دو خواتین اور دو بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔