پاکستانی انٹیلی جنس افسر کے قتل کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان کے صوبہ خیبر پختون خواہ کے ضلع چارسدہ میں موٹر سائیکل پر سوار دہشت گردوں کی فائرنگ میں ایک انٹیلی جینس افسر جاں بحق ہوگیا ہے۔ پولیس کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار دہشت گردوں نے سب انسپکٹر اسپیشل برانچ پشاور اکبر علی کو چارسدہ کے سردریاب روڈ پر اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا جب وہ اپنی ڈیوٹی پر جارہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق مذکورہ انٹیلی جنس افسر کو بہت قریب سے نشانہ بنایا گیا جس سے وہ موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
درایں اثنا روزنامہ ایکسپریس ٹریبون کے مطابق دہشت گرد گروہ داعش نے مذکورہ انٹیلی جنس افسر کے قتل کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ اخبار کے مطابق داعش کی ویب سائٹ اعماق پر جاری ہونے والے مختصر پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کےدہشت گردوں نے سردریاب روڈ پر ایک پاکستانی انٹیلی جینس افسر کو قتل کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی فوج نے ایک ماہ قبل پہلی بارملک میں داعش کی موجودگی کا اعتراف کیا تھا تاہم کہا تھا کہ اس نے سیکڑوں داعشیوں کو گرفتار اورمتعدد حملوں کو ناکام بنادیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پاکستانی طالبان کے مختلف دھڑے پہلے ہی عراق و شام میں سرگرم دہشت گرد گروہ داعش سے الحاق کا اعلان کرچکے ہیں۔