سانحہ کوئٹہ جے آئی ٹی، غفلت برتنے پر پولیس کے اعلیٰ افسران بھی معطل
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری نے سانحہ کوئٹہ کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دیدی جب کہ فرائض سے غفلت برتنے پر اعلیٰ پولیس افسران کو بھی معطل کردیا۔
زرائع کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری نے پولیس ٹرینگ سینٹر پر حملے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی جس کی سربراہی بریگیڈیئر بلال کریں گے جب کہ کمیٹی میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن اعزاز گورائیہ، ایف سی اور دیگر ایجنسیوں کے افسران شامل ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے سانحہ کی عدالتی تحقیقات کے لیے چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ سے بھی درخواست کردی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ نے سانحہ پر فرائض سے غفلت برتنے پر اعلیٰ پولیس افسران کو معطل کردیا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ سینٹر کیپٹن (ر) طاہر نوید، ڈپٹی کمانڈنٹ یامین خان اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر پی ٹی سی محمد اجمل کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تینوں افسران سانحہ کی ابتدائی تحقیقات میں فرائض سے غفلت کے مرتکب پائے گئے ہیں۔