لاہور، مجلس وحدت مسلمین کا پریس کلب کے باہر مظاہرہ، علماء کے نام فورتھ شیڈول سے نکالنے کا مطالبہ
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی کال پر ملت تشیع کے علماء کرام و اکابرین کی شہریت کی معطلی اور مومنین کی بے جا گرفتاریوں اور شیڈول فور میں ڈالے جانے پر لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
زرائع کے مطابق احتجاجی مظاہرے میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید مبارک علی موسوی، ضلعی سیکرٹری جنرل لاہور علامہ سید حسن رضا ہمدانی، سیکرٹری سیاسیات لاہور سید حسین زیدی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل نجم حسین، رانا ماجد علی سمیت لاہور کے عہدیداران نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے سے سیکرٹری جنرل لاہور علامہ سید حسن رضا ہمدانی کا خطاب میں کہنا تھا کہ ملک بھر میں بزرگ علماء کرام کو شیڈول فور میں ڈالے جانے، بے گناہ اور پُرامن مومنین کی بے جا گرفتاریوں اور عزاداری سید الشہدؑ میں رکاوٹیں ڈالنے کی پُرزور مذمت کرتے ہیں، ہمارے علماء کرام و اکابرین کو فورتھ شیڈول میں ڈالنا ہمارے زخموں پر نمک پاشی کرنے کے مترادف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی بلاجواز بیلنس پالیسی کے تحت ملت جعفریہ کے بے گناہ افراد کو ہراساں کرنے میں مصروف ہے جو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی طرف سے ظالم اور مظلوم کو ایک ہی صف میں کھڑا کرنے کا عمل انتہائی متعصبانہ ہے۔ حکومت پُرامن اور محب وطن شہریوں کیخلاف محض اس لئے سرگرم ہیں کہ وہ حکومت کے غیر آئینی اقدامات کیخلاف اپنی آواز مسلسل بلند کئے ہوئے ہیں حکومت کا یہ طرزعمل جمہوری روایات کے برعکس ہے حکومت کے اس غیر جانبدارنہ اور غیر جمہوری رویے اور انتقامی حربوں کیخلاف آئینی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ ملک کی سالمیت و بقاء کیلئے ملت تشیع اپنے ذمہ دارنہ کردار کو کبھی فراموش نہیں کرئے گی، بے جا گرفتاریوں اور حکومتی جبر کو راہ کی رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا، حکومت فی الفور ہمارے علماء کرام اور اکابرین و کارکنان پر لگائی جانیوالی پابندیوں کو حتم کر کے ان کا نام شیڈول فور سے نکالا جائے بصورت دیگر ہم پر امن احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔