محرم الحرام پرامن طور پر گذرنے کے بعد شہر کے حالات خراب کی سازش کی جارہی ہے، مولا بخش چانڈیو
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) جب بھی حکومت میں آتی ہے صوبوں میں نفرت بڑھ جاتی ہے، صوبوں کو وفاق سے لڑانا وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے سکھایا ہے، وفاقی حکومت سی پیک منصوبے کو ایک صوبے تک محدود نہ کرے، اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے، کراچی میں بدامنی کی صورت حال برداشت نہیں کی جائے گی، محرم الحرام پرامن طور پر گذرنے کے بعد شہرکے حالات خراب کی سازش کی جارہی ہے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار انھوں نے شیعہ و سنی اکابرین کے مشترکہ وفد کی وزیر اعلیٰ سندھ کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ضیاء الحق نے جو بیج بویا تھا اس کے درخت بڑے ہوچکے ہیں، عرصہ دراز سے بگڑے ہوئے معاملات کو حل کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے، یہ تاثر نہ دیا جائے کہ کسی کے خلاف یکطرفہ کارروائی ہورہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ تمام محکموں کی ڈپارٹمینٹل کمیٹیوں کو فوری طور ملازمین کو اگلے گریڈ میں ترقیاں دینے کی ہدایت کی ہے۔ وہ سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد نیو سندھ سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں امن و امان کی صورتحال کا نوٹس لیا ہے، وزیر اعلی نے واضح کیا ہے کے بد امنی کی صورتحال برداشت نہیں کی جائے گی، مجموعی طور پر کراچی امن و امان کی صورتحال بہتر ہے، محرم الحرام پر امن گذرنے کے بعد شہر کے حالات خراب کرنے کی سازش کی جارہی ہے، فرقہ وارانہ فسادات کو ختم کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل ضیا الحق نے جو بیج بویا تھا اس کے درخت بڑے ہوچکے ہیں لیکن ہم مسلسل کام کررہے ہیں اور پرامید ہیں کہ عرصہ دراز سے بگڑے ہوئے معاملات حل ہو جائیں گے۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لیے بلاتفریق کارروائیاں کی جارہی ہیں، یہ تاثر غلط ہے کہ کسی کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی گئی ہے، ہم ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کے ساتھ ہیں، کسی ایک گروہ کی سرپرستی نہیں کر رہے ہیں۔