Uncategorized

درگاہ حضرت شاہ نورانی پر خودکش دھماکہ پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازش ہے، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے درگاہ حضرت شاہ بلاول نورانی میں خودکش دھماکہ میں 66 افراد کے جاں بحق اور 160 افراد کے زخمی ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازش قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اور اسلام دشمن طاغوتی قوتیں ملک میں فرقہ وارانہ آگ بھڑکانے کیلئے درگاہوں، امام بارگاہوں، مساجد، مدارس اور علماء و مشائخ کو نشانہ بنا رہی ہیں، تاکہ پاکستان میں انتشار اور افراتفری پیدا کرکے ملکی ترقی کے راستے کو روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ماضی میں بھی حضرت عبداللہ شاہ غازی رحمة اللہ علیہ، حضرت داتا علی ہجوی رحمة اللہ علیہ، حضرت بابا فرید گنج شکر رحمة اللہ علیہ سمیت سینکڑوں درگاہوں اور آستانوں کو نشانہ بنایا۔ مگر افسوس آج تک ان دہشت گردوں، قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا۔ یہی وجہ ہے اب پھر دہشت گردوں نے امن و محبت اور فیوض و برکات کے روحانی مراکز مزارات اولیاء کو نشانہ بنا کر حکومت اور آپریشن ضرب عضب کرنے والی مقتدر قوتوں کو چیلنج کر دیا ہے۔ جب تک حکومت کی صفوں سے دہشت گردوں سے تعلق رکھنے والے سہولت کاروں کے نیٹ ورک کو توڑا نہیں جائے گا، ان دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی اور اس کے اصل مقاصد حاصل نہیں ہوسکیں گے۔ انہوں نے درگاہ حضرت بلاول شاہ نورانی خودکش دھماکہ میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا، صبر کی تلقین کی اور حکومت سے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ مذکورہ واقعہ میں سکیورٹی کے ناقص انتظامات کا جائزہ لیا جائے، درگاہوں، آستانوں، پیران کرام، علماء اور مشائخ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

 

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button