دہشتگردی کا صفایا کرنے کیلئے ضروری ہے کہ دہشتگردی کی نرسریوں کو ختم کیا جائے، علامہ اقتدار نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ صوفیائے کرام کی درگاہیں امن کے مراکز ہیں، جہاں سے دکھی انسانیت کو سکون قلب میسر آتا ہے۔ درگاہ شاہ نورانی پر حملہ دراصل امن پر حملہ ہے، جس کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں۔ اگر حکمران سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عملدرآمد کرتے تو آج یہ نوبت نہ آتی اور سینکڑوں لوگ لقمہ اجل نہ بنتے۔ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں جو لازوال قربانیاں دی ہیں، حکمران انہیں ضائع کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ ایک طرف تو کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن کے دعوے کئے جاتے ہیں اور دوسری طرف دارالحکومت میں وزیر داخلہ کالعدم تنظیموں کو جلسے کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا صفایا کرنے کیلئے ضروری ہے کہ دہشت گردی کی نرسریوں کو ختم کیا جائے۔ معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ ہم درگاہ شاہ نورانی پر حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔