ترک صدر کا دورہ لاہور، سڑکیں بند، شہری خوار ہو کر رہ گئے
شیعہ نیوز ( پاکستنی شیعہ خبر رساں ادارہ ) ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ لاہور کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لاہور کی مرکزی شاہراہ مال روڈ مکمل بند ہونے سے شہر بھر کی ٹریفک بری طرح متاثر ہو رہی ہے جبکہ مال روڈ کیساتھ ساتھ ملحقہ سڑکوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔
لاہور ایئر پورٹ سے مال روڈ، اپر مال، لوئر مال اور راوی روڈ کو بھی بند کر دیا گیا ہے جبکہ ہیلی کاپٹر کی مدد سے بھی فضائی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ترک صدر کے اعزاز میں پنجاب حکومت کی جانب سے شاہی قلعہ میں خصوصی دعوت کا اہتمام کیا گیا جس میں صدر ترک صدر اپنی اہلیہ اور وفد سمیت شرکت کریں گے جبکہ پاکستان اور ترکی کی اہم سیاسی و کاروباری شخصیات بھی شریک ہوں گی۔
اس موقع پر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ٹریفک وارڈن بھی ٹریفک کنٹرول کرنے میں بے بس دکھائی دیئے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ترک صدر نے شام 7 بجے آنا ہے لیکن دوپہر 12 بجے سے ہی ٹریفک کیلئے سڑکیں بند کر دی گئی ہیں جو کہ افسوسناک امر ہے۔ دوسری جانب میٹرو بس سروس کو بھی ایم اے او کالج سے شاہدرہ تک بند کر دیا گیا ہے۔ بس سروس گجو متہ سے ایم اے او کالج تک چل رہی ہے۔ بس سروس بند ہونے کے باعث سکینڑوں شہری پیدل چلتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ لوئر مال روڈ بند ہونے سے بھی شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔