لاہور: تکفیری گروہ داعش کے پکڑے جانیوالے کارندوں کا متعدد افراد شام اورافغانستان بھجوانے کا انکشاف
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) سی ٹی ڈی کی جانب سے گرفتار کئے گئے عالمی تکفیری گروہ داعش کے 8 دہشتگردوں سے تحقیقات جاری ہیں، سی ٹی ڈی نے ملزمان کی نشاندہی پر کئی سہولت کاروں اور ان کے نیٹ ورک کے مزید ساتھیوں کو گرفتار کرنے کیلئے چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سی ٹی ڈی پنجاب نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے تکفیری دہشتگرد گروہ داعش سے تعلق رکھنے والے 8 دہشتگردوں کا گرفتار کر لیا تھا۔
ملزمان کی 3 ماہ سے سی ٹی ڈی پولیس کی جانب سے ریکی کی جا رہی تھی اور ان کیخلاف شواہد ملنے پر ان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان لاہور میں لوگوں کو نہ صرف داعش میں شامل کرتے تھے بلکہ انہیں ٹریننگ دینے اور لڑنے کیلئے شام اور افغانستان بھجوا دیتے تھے۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے کئی افراد کو شام اور افغانستان بھجوانے کا اعتراف کیا ہے۔ دہشتگردوں میں داعش لاہور کا علاقائی لیڈر بھی شامل ہے جس سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ قاری عابد جو کہ داعش کے سوشل میڈیا سیل کا اہم رکن ہے اور شام میں موجود ہے اس کا بھی ان ملزمان سے گہرا تعلق ہے۔ مزید گرفتاریوں کیلئے چھاپوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔