Uncategorized

آئی جی پنجاب نے ایس پی یو فورس کیلئے مزید اسلحہ، دوربینیں اور دیگر سامان خریدنے کا حکم دے دیا

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )آئی جی پنجاب پولیس مشتاق سکھیرا نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ فورس کیلئے مزید اسلحہ، ہیلمٹ، جیکٹس، شیلڈز اور سی سی ٹی وی کیمروں اور دوربینوں کی مزید ڈیمانڈ پوری کرنے کا حکم دیا ہے۔ لاجسٹک ڈیپارٹمنٹ کو سپیشل برانچ کی مندرجہ بالا اشیا فوری خریدنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے۔

زرائع کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق سکھیرا کی سربراہی میں سنٹرل پولیس آفس لاہور میں اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس سہیل خان، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز /انویسٹی گیشن پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز، ڈی آئی جی پی ایچ پی غلام محمود ڈوگر، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹُو سلمان چودھری، ڈی آئی جی ایس پی یو آغا یوسف، اے آئی جی آپریشنز وقار عباسی، اے آئی جی ڈویلپمنٹ کامران خان اور اے آئی جی لاجسٹکس ہمایوں بشیر تارڑ کے علاوہ دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں مشتاق احمد سکھیرا نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ بین الصوبائی چیک پوسٹوں اور دریائی چوکیوں کی ایسی گاڑیاں جو ضلع میں کوئی اور کار سرکار انجام دینے کیلئے مامور ہیں یہ گاڑیاں ایک ہفتے کے اندر اندر واپس بھجوائی جائیں اور جس ضلع میں یہ گاڑیاں مقررہ وقت میں بین الصوبائی چیک پوسٹوں اور دریائی چوکیوں میں واپس نہ پہنچیں ان اضلاع کے ڈی پی او کو اظہار نا پسندیدگی کے خط جاری کیے جائیں۔

ڈی آئی جی پی ایچ پی غلام محمود ڈوگر نے اجلاس کو بریف کرتے ہوئے بتایا کہ رواں ماہ کے 20 روز کے دوران بین الصوبائی چیک پوسٹوں اور موٹروے کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم چیک پوسٹوں پر 1 لاکھ 22ہزار 478 گاڑیوں کو سرچ کیا گیا اور قانون کی خلاف ورزی پر درجنوں گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے ہیڈ ڈی آئی جی ایس پی یو آغا محمد یوسف کی جانب سے یونٹ کیلئے اسلحہ، ہیلمٹ، جیکٹس، شیلڈز، سی سی ٹی وی کیمروں اور دوربینوں کی مزید ڈیمانڈ پر آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے اے آئی جی لاجسٹکس کو مذکورہ بالا اشیا کی جلد از جلد فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے تمام قانونی تقاضوں کو جلد از جلد پورا کیا جائے اور مذکورہ بالا ڈیمانڈ کے مطابق اسلحہ اور دیگر اشیاء کی خریداری کا جلد از جلد انتظام کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی ایس پی یو کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مختلف پراجیکٹس پر سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دینے والے اہلکاروں کے معیار زندگی کو بہتر سے بہتر بنانے پر بطور خاص توجہ دی جائے خاص کر ان کی رہائش گاہوں میں صحت و صفائی کا بہت خیال رکھا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام پراجیکٹس پر سیکیورٹی ڈیوٹی دینے والے اہلکاروں کو ہفتہ وار چھٹی لازمی دی جائے جبکہ ان کو پراجیکٹس پر تعینات کرتے وقت اس بات کو مدنظر رکھا جائے کہ تعیناتی کے مقام سے ان کے گھر کی مسافت 4 گھنٹے سے زائد نہ ہو۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button