شیعہ ٹارگٹ کلنگ کیخلاف سیاسی قیادت کو کردار ادا کرنا چاہیے، بلاول بھٹو زرداری
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ انہیں امید ہے کہ نئے آرمی چیف سے متعلق نواز شریف نے ادارے کی بہتری کیلئے ہی فیصلہ کیا ہوگا، عمران خان کے علاوہ جمہوریت، احتساب اور دہشتگردی جیسے اہم مسائل بھی پاکستان میں موجود ہیں۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری لاہور میں خدا بخش کالونی بھٹہ چوک میں پارٹی کے دیرینہ کارکن اشرف بھٹی کی رہائشگاہ پہنچے۔ پارٹی کارکنوں نے بلاول بھٹو پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے استقبال کیا اور پارٹی کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ بلاول بھٹو نے پیپلز پارٹی لاہور اور پنجاب کی سینیئر قیادت سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر صدر پی پی وسطی پنجاب قمرالزمان کائرہ، ثمینہ خالد گھرکی، ندیم افضل چن، فیصل کریم کنڈی، عزیزالرحمان چن، اسلم گل، ملک اعجاز اعوان اور اشفاق بھلر سمیت دیگر موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نئے آرمی چیف کیلئے امید ہے کہ نواز شریف نے ادارے کی بہتری کیلئے ہی کوئی فیصلہ کیا ہوگا۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ وہ اپنی جماعت کی تنظیم نوء میں مصروف ہیں۔ سیاسی چاچا کے علاوہ جمہوریت، احتساب اور دہشتگردی جیسے اہم مسائل بھی پاکستان میں موجود ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک بھر میں شیعہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ جاری ہے، جس کیخلاف سیاسی قیادت کو اظہار یکجہتی کرنا چاہیے۔ بلاول بھٹو زرداری نے بھٹہ چوک امام بارگاہ میں چہلم حضرت امام حسینؑ کی مناسبت سے مجلس عزا میں بھی شرکت کی۔