سرحدی خلاف ورزی کا بھرپور اور فوری جواب دیا جائے، جنرل راحیل شریف کی ہدایت
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) آرمی چیف نے کہا ہے کہ معصوم شہریوں پر فائرنگ ناقابل قبول اور غیر پیشہ وارانہ عمل ہے۔ انہوں نے سرحدی جارحیت کا موثر جواب دینے پر نوجوانوں کی تعریف بھی کی۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ آئندہ کسی بھی سرحدی خلاف ورزی کا بھرپور اور فوری جواب دیا جائے۔
زرائع کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں خصوصی اجلاس ہوا، جس میں لائن آف کنٹرول کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں لائن آف کنٹرول کے قریب مسافر بس پر بھارتی فائرنگ کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے جان بوجھ کر شہریوں پر حملہ غیر پیشہ ورانہ اور ناقابل قبول ہے، دشمن کو کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کا منہ توڑ جواب دیا جائے۔ آرمی چیف نے فوج کے بلند حوصلوں کی تعریف بھی کی۔ اجلاس میں کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ملک ظفر اقبال، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات اور ڈی جی ایم او میجر جنرل ساحر شمشاد نے بھی شرکت کی۔
واضح رہے گزشتہ روز بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کرکے 3 پاکستانی فوجیوں کو شہید کر دیا جبکہ اس سے قبل بھارتی فوج کی جانب سے نیلم ویلی میں مسافر بس کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 7 مسافر شہید جبکہ سات زخمی ہوگئے تھے۔