بھکر، وزارت حسین نقوی کی نماز جنازہ ادا، بھکر میں سپردخاک کر دیا گیا
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) تحریک پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ اور اسلامی تحریک پاکستان کے سینیر نائب صدر سید وزارت حسین نقوی کو بھکر میں سپردخاک کر دیا گیا۔ مرحوم کی نمازجنازہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اقتداء میں ادا کی گئی۔ جس میں سیاسی، مذہبی، سماجی رہنماؤں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سوگ میں بھکر کے تجارتی مراکز بھی بند رہے۔
اسلامی تحریک کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر، مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی اخونزادہ، شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سبطین سبزواری، سینیر نائب صدر مولانا موسیٰ رضا جسکانی، مجمع اہلبیت پاکستان کے سیکرٹری علامہ شبیر حسن میثمی، جماعت اہلسنت کے رہنما مولانا عارف حسین قدوسی، مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے ڈاکٹر افضل ڈھانڈلا، سینیٹر محمد ظفراللہ ڈھانڈلا، ایم پی اے عامر عنایت شاہانی، انجمن تاجران، عزاداری کونسل اور دیگر تنظیموں کے رہنماوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے فرزند سکندر حسین نقوی ایڈووکیٹ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سید وزارت نقوی مرحوم کو قصر زینب کے احاطے میں دفن کر دیا گیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ وزارت نقوی عہد ساز شخصیت تھے، جنہوں نے قائد ملت جعفریہ مفتی جعفر حسین مرحوم، قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی اور 1988ء سے ان کے ساتھ تنظیمی اور قومی امور میں متحرک کردار ادا کیا، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت نقوی تحریک پاکستان کے عظیم رہنما اور گولڈ میڈلسٹ تھے، جن کے خاندان نے بھارت سے ہجرت کرکے پاکستان کو اپنا مسکن بنایا۔ ان جیسے مخلص کردار اب ختم ہوتے جا رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھاکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اچھے اقدامات کئے ہیں، اس پالیسی کو مکمل طور پر امن کے قیام تک جاری رکھا جانا چاہیے۔
علامہ سبطین حیدر سبزواری نے کہا کہ وزارت نقوی نے قومی پلیٹ فارم تحریک جعفریہ کی تشکیل اور تینوں قائدین کے انتخاب میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی زندگی کم اور کام زیاد ہ ہیں۔ وہ آخری سانس تک علامہ ساجد نقوی کیساتھ وابستہ رہے، تنظیمی کارکنان، مرحوم کے خاندان اور اہل بھکر کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔ جامعہ فریدیہ کے پرنسپل جماعت اہلسنت کے رہنما مولانا ممتار حسین قدوسی کا کہنا تھا کہ وزارت نقوی نے ہمیشہ اتحاد بین المسلمین کیلئے کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات یاد رکھی جائیں گی۔