ساہیوال میں خالد بٹ کی شہادت امن خراب کرنے کی سازش ہے، سبطین سبزواری
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری نے ساہیوال میں سینیئر صحافی خالد محمود بٹ کی شہادت اور ان کے بیٹے مرکزی سیکرٹری اطلاعات جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان علی رضا بٹ کو شدید زخمی کرنے کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ واقعہ ملکی امن خراب کرنے کی سازش، جنرل راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ کے وقت فوج اور حکومت کیلئے پیغام ہے، ملت جعفریہ 3 دہائیوں سے لاشیں اٹھا رہی ہے، خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
وہ شہید خالد محمود بٹ کی نماز جنازہ پڑھانے کے بعد خطاب کر رہے تھے۔ جس سے وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری، شیعہ علماء کونسل کے صوبائی نائب صدر ساجد حسین نقوی، اہلسنت علماء نے بھی خطاب کیا اور شہید کے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے واضح کیا کہ دہشتگرد ایک بار پھر ملکی امن خراب کرنے کیلئے متحرک ہوگئے ہیں۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ ملت جعفریہ نے پورے ملک میں جنازے اٹھائے ہیں، کبھی قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا، خالد محمود بٹ کا جنازہ پہلا نہیں، ایک وقت میں ہم نے سینکڑوں جنازے اٹھائے ہیں، مکتب اہلبیت کو بادشاہتیں ختم نہ کرسکیں، شہادت ہمارے لئے سعادت ہے، مگر سوال حکومت اور ریاست سے ہے کہ عوام کے تحفظ میں ان کا کردار کہاں ہے۔؟ انہوں نے شہید خالد محمود بٹ کے قاتلوں کی فی الفور گرفتاری اور سازش کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے زخمی علی رضا بٹ کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔