پشین آپریشن میں سول اسپتال دھماکے کا ماسٹرمائنڈ بھی مارا گیا، وزیرداخلہ بلوچستان
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ پشین میں گزشتہ رات آپریشن کے دوران جہنم واصل ہونے والےکالعدم لشکرِ جھنگوی کے 5 تکفیری دہشتگرد سول اسپتال دھماکے میں ملوث تھے جن میں سانحہ کا ماسٹر مائنڈ بھی مارا گیا۔
زرائع کے مطابق کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ پشین میں گزشتہ رات آپریشن کیا گیا جس میں کالعدم لشکرِ جھنگوی کے 5 دہشت گرد واصلِ جہنم ہوئے جب کہ تکفیری دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 کانسٹیبل زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن میں ہلاک ہونے والے تکفیری دہشت گرد سانحہ 8 اگست میں ملوث تھے جب کہ دہشت گردوں میں سانحہ سول اسپتال دھماکے کا ماسٹر مائند جہانگیر بھی شامل تھا۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ کامیاب آپریشن سے سیکیورٹی فورسز کا مورال بلند ہوا ہے، مارے جانے والے تکفیری دہشت گردوں کو ’’را‘‘ کی سرپرستی حاصل تھی تاہم بلوچستان میں عالمی تکفیری دہشتگرد گروہ داعش کا کوئی وجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ بلوچستان میں بدامنی پھیلاتی ہے، کالعدم تکفیری دہشتگرد گروہوں سپاہِ صحابہ،لشکرِ جھنگوی اور دیگر تکفیری دہشتگرد گروہوں کو فنڈنگ کرتی ہے جب کہ دہشت گردی کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ 8 اگست کو کوئٹہ کے سول اسپتال میں خودکش دھماکا ہوا تھا جس میں وکلا کی بڑی تعداد سمیت 73 افراد شھید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔