Uncategorized

جشن عید میلادالنبیؐ کے انتظامات نہ کرکے سندھ حکومت نے اسلام دشمنی کا ثبوت دیا ہے، علامہ قاضی نورانی

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) جمعیت علماء پاکستان (نورانی) کراچی کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی اسلام دشمنی، کوتاہیاں، غفلت اور لاپرواہیاں ناقابل برداشت ہوتی جا رہی ہیں، وزیراعلیٰ سندھ فوری طور پر تمام انتظامیہ کو جشن عید میلاد النبیؐ کے جلوس کی گذرگاہوں اور جلسوں کے مقامات پر خاطر خواہ انتظامات کا حکم دیں۔ یہ بات علامہ قاضی احمد نورانی نے جے یو پی کراچی کے زیر اہتمام جشن عید میلاد النبیؐ کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے بلائے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس سے جے یو پی کراچی کے جنرل سیکریٹری مفتی رفیع الرحمن نورانی، سینئر نائب صدر علامہ بشیر القادری، شکیل قاسمی، علامہ عبدالغفار اویسی، صاحبزادہ غلام غوث گولڑوی، پروفیسر انوار احمد شیخ، بابا فخر الدین نورانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر کراچی کے تمام اضلاع میں جلوس عید میلاد النبیؐ اور ریلیوں کے پروگرام کو حتمی شکل دی گئی۔

علامہ قاضی احمد نورانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ اس سال گورنر سندھ اور نہ ہی وزیراعلیٰ سندھ نے جشن عید میلاد النبیؐ کے انتظامات کے سلسلہ میں نہ تو کوئی اجلاس طلب کیا اور نہ ہی کوئی حکم نامہ جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے تمام شہروں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال انتہائی ناقص ہے، جگہ جگہ گٹر اور نالے بھرے ہوئے ہیں، سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، جبکہ ضلعی میونسپلٹیز اور دیگر ذمہ داران فنڈ نہ ہونے کا رونا روتے ہیں، خود میئر کراچی کے بلائے گئے اجلاس میں جو شکایات کی گئی تھیں، دس دن گذر جانے کے باوجود اُن کا ازالہ نہ ہو سکا۔ رہنما جے یو پی کا مزید کہنا تھا کہ کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی کی جانب سے بار بار یقین دہانیوں کے باوجود کراچی کے ڈپٹی کمشنرز، سابقہ اجازت نامہ ہونے کے باوجود جلوسوں اور جلسوں کے اجازت نامہ جاری کرنے کے بجائے ایس ایس پی آفس اور تھانوں کے چکر لگوا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، KMC، کے الیکٹرک اور دیگر تمام اداروں میں موجود نااہل افسران کسی قسم کا تعاون نہیں کر رہے ہیں۔ علامہ قاضی نورانی نے واضح طور پر کہا کہ اسلام دشمن حکمران اور انتظامیہ کے لوگ سن لیں کہ جشن عید میلاد النبیؐ ہمیشہ کی طرح جاری و ساری رہے گا اور عاشقان مصطفیؐ میلاد النبیؐ کے پروگراموں پر کوئی قدغن برداشت نہیں کرینگے۔ رہنما جے یو پی نے کہا کہ گذشتہ دنوں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو نے مسائل حل کروانے اور وزیراعلیٰ سندھ سے فوری ملاقات کی یقین دہانی کرائی، لیکن تمام وعدے صرف وعدے ہی رہ گئے، جس پر غلامان رسول عربی انتہائی مضطرب ہیں، سندھ حکومت فی الفور 24 گھنٹے کے نوٹس پر تمام مسائل حل کرے اور اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

 

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button