Uncategorized

کراچی آپریشن آخری جرائم پیشہ فرد، دہشتگرد اور مکمل امن تک جاری رہیگا، وزیراعلیٰ سندھ

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی آپریشن شہر میں موجود آخری جرائم پیشہ فرد، دہشتگرد اور مکمل امن تک جاری رہے گا۔ دھابیجی پر 100 ایم جی ڈی کے پمپنگ اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ شہر قائد میں امن و امان قائم کرنے کیلئے آپریشن شروع کیا گیا تھا اور اس کے بہترین نتائج حاصل ہوئے، گزشتہ روز بھی چند لوگوں کی وجہ سے صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن فورسز کی بروقت کارروائی کے ذریعے کشیدہ حالات پر قابو پالیا گیا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جمہوری جماعتوں کو سیاست کرنے کا مکمل حق حاصل ہے اور جو بھی سیاسی جماعت قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کرے گی، اسے کام کرنے دیں گے اور تعاون بھی کریں گے، لیکن اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی، تو اس کے خلاف کارروائی بھی سخت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کی کامیابی اس وقت ہوگی، جب یہ آپریشن ختم ہوگا اور یہ آپریشن شہر میں موجود آخری جرائم پیشہ فرد، دہشتگرد اور مکمل امن تک جاری رہے گا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ شہر کے مسائل جلد حل ہوں، کے فور منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور پانی کی فراہمی کے دیگر منصوبے بھی زیرِ تکمیل ہیں، منصوبے سے کراچی کو پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی اور یہ منصوبہ شہر میں پانی کے مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ دیگر رہ جانے والے منصوبوں پر بھی رواں برس ہی کام شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے کے الیکٹرک کو 50 کروڑ روپے دیئے جاتے ہیں، اگر اپنا بجلی گھر بنانا ہے تو حکومت پوری طرح مدد کیلئے تیار ہے، کراچی کیلئے 10 ارب روپے ابتدائی طور پر دینے کی بات کی ہے اور مزید فنڈ بھی رکھے گئے ہیں، جون سے قبل فنڈ ختم کرنے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں ترقیاتی کاموں کیلئے پیسوں کا انتظام میں کروں گا، شہر کی ترقی کیلئے بہترین اسکیمیں بنا کر تمام پیسہ ایمانداری سے خرچ کیا جائے۔

 

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button