مشرقی حلب سے ایک اورتکفیری دہشت گرد گروہ کا انخلا
حکومت شام اور مسلح گروہوں کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے کے دائرے میں مشرقی حلب سے دہشت گرد عناصر کا تیسرا گروہ نکل گیا ہے۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کے اس گروہ کو حلب کے مغربی نواحی علاقوں میں منتقل کئے جانے کی کوشش جاری ہے تاہم طے پانے والے سمجھوتے کے مطابق ان دہشت گردوں کا انخلاء ان بسوں کے داخل ہونے کے ساتھ ہی ہوسکتا ہے جو فوعہ اور کفریا کے علاقوں میں محصور شہریوں کو منتقل کئے جانے میں استعمال ہو رہی ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق مسلح دہشت گرد گروہ احرارالشام کے عناصرفوعہ اور کفریا میں امدادی گاڑیوں اور بسوں کے داخل ہونے کے راستے میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں۔ دہشت گرد گروہوں اور حکومت شام و روس کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے کے مطابق پہلے مرحلے میں دہشت گرد گروہوں کے ان عناصر کو، جو تقریبا پانچ ہزار ہیں، ان کے اہل خانہ کے ہمراہ حلب سے نکلنے دیا جائے گا اور اس کے مقابلے میں فوعہ اور کفریا کے محاصرہ شدہ علاقوں سے دس ہزار عام شہریوں کو مغربی شام میں واقع لاذقیہ منتقل کیا جائے گا۔
حلب سے دہشت گردوں کے انخلاء کے ساتھ ہی اس علاقے کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کئے جانے کی کارروائی مکمل ہو گئی ہے اور اس علاقے کے عوام نے سڑکوں پر نکل کر خوشیاں منائی ہیں-
واضح رہے کہ شامی فوج نے حلب کو منگل کے روز دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔