مجلس وحدت مسلمین نیوایئر نائٹ کو "شب دعا" کے طور پر منائے گی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین نے نیوایئر نائٹ کو کشمیر، فلسطین، بحرین، یمن، برما کے مظلوم مسلمانوں کی حق میں اور وطن عزیز کو دہشتگردی کی عفریت سے نجات کیلئے "شب دعا” منانے کا اعلان کیا ہے۔ صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مبارک موسوی نے صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پنجاب بھر کے تمام اضلاع کے ضلعی سیکرٹریٹ پر "شب دعا” کے اجتماعات ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ استعماری قوتیں مسلمانوں کو تقسیم کرکے اسلامی تشخص پامال کرنے میں مصروف ہیں، ہمیں باہمی اتحاد اور وحدت کیساتھ دشمن کا مقابلہ کرنا ہے، داعش اور القاعدہ کے روپ میں اسلامی اقدار کو مغرب میں پیش کیا جا رہا ہے، بدقسمتی سے ہمارے مسلمان ناعاقبت اندیش بادشاہ اور حکمران مغرب کی غلامی اور مسلم امہ کے مفادات کے دشمن بنے ہوئے ہیں، ہم ان شاء اللہ اس امید اور دعا کیساتھ نئے سال کا آغاز کرینگے کہ آنے والے نئے سال میں کشمیر، فلسطین، بحرین، یمن اور برما کے مظلوم مسلمانوں پر مسلط آمرانہ و ظالمانہ نظام اور حکمرانوں کا خاتمہ ہو، وطن عزیز سے دہشتگردی کے ناسور کا مکمل صفایا اور مادر وطن ایک بار پھر امن کا گہوارہ بنے۔