Uncategorized

پاکستان میں فوجی عدالتوں کو اب ختم کر دینا چاہیے، سراج الحق

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )  جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر فوجی عدالتیں تریاق ہیں تو پھر سول عدالتوں کو تالا لگا دینا چاہیے، ملک دو مختلف عدالتی نظاموں کا متحمل نہیں ہو سکتا، فوجی عدالتوں کے فیصلے میں طے تھاکہ یہ محدود مدت کیلئے ہیں، محدود مدت ختم ہو چکی اب اسے لامحدود نہیں ہونا چاہیے، احتساب کیلئے سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہے ہیں تاہم اگر عدالتوں نے مایوس کیا تو چوکوں اور چوراہوں میں آنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہوگا، ”کرپشن کیخلاف جدوجہد جاری رہے گی“ پاکستان کا پیسہ بیرون ملک منتقل ہوا، بھارت کو بھرپور جواب دینے کی ضرورت ہے، بھارت کی طرف سے پانی بند کرنے کے اعلان کو اعلان جنگ سمجھتے ہیں۔ عالم اسلام کے تاریخی اور 44 لاکھ آبادی پر مشتمل شہر حلب کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا گیا ہے مگر نام نہاد مہذب ممالک خاموش تماشائی بنے رہے، شام، کشمیر، فلسطین اور اراکان جیسے مسائل امت کے اجتماعی مسائل ہیں جن کے حل کیلئے عالم اسلام کو متحد ہونا پڑے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہم نے ہی سانپوں کو دودھ پلا کر اژدھا بنایا اور اب قوم کو لوٹا جا رہا ہے اور دنیا میں بدنام بھی کیا جا رہا ہے، کرپشن کیخلاف ہمارے ساتھ آواز اٹھانے والوں کو خوش آمدید کہیں گے، عوام چاہتے ہیں ملک لوٹنے والوں کا احتساب ہو مگر حکمران چاہتے ہیں کہ احتساب کا نعرہ دب جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن کیخلاف عوامی جدوجہد نقطہ عروج پر ہے، کرپٹ ٹولے نے عام آدمی سے اس کی خوشیاں چھین لی ہیں، جماعت اسلامی نے کرپشن کیخلاف سب سے پہلے آواز اٹھائی اور ہم آج اعلان کرتے ہیں کہ کرپشن اور کرپٹ سسٹم کیخلاف جو بھی آواز اٹھائے گا ہم اس کا ساتھ دیں گے۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ حکومت نے خود کو احتساب کیلئے پیش نہیں کیا، پاکستان پر پاناما لیکس کی وجہ سے کرپشن کا داغ لگا، 2016ء عوام کیلئے بھاری رہا، ملک میں عام آدمی کے مسائل حل اور حکومتی وعدے پورے نہیں ہوئے جس سے عوام مایوس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو جانیوالے چیف جسٹس سے بھی بڑی توقعات تھیں اور اب آنیوالے چیف جسٹس سے بھی قوم نے امیدیں باندھ لی ہیں، جانیوالے چیف جسٹس نے تو 75 دن بعد کہہ دیا تھاکہ اب یہ فیصلہ آنیوالے چیف جسٹس کریں گے کیونکہ حکومت نے 15 دن قبل ہی انہیں فیصلوں سے روک دیا تھا، انہوں نے قوم کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔

ایک سوال پر انکا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے موثر قانون سازی نہیں کی گئی، قوم ووٹ کی طاقت سے ان لوگوں کا احتساب کرے، جب تک بھارت پانی اور کشمیر کا مسئلہ حل نہیں کرتا قطع تعلق کیا جائے، بھارت کو بھر پور جواب دینے کی ضرورت ہے، بھارت کی طرف سے پانی بند کرنے کے اعلان کو اعلان جنگ سمجھتے ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی شام میں مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلائے گی، ہم امت کی طرف سے مظلوم و مقہور مسلمانوں کی آواز بنیں گے، یکم جنوری کو کراچی میں حلب کی تباہی کیخلاف امت رسول مارچ کریں گے جس میں کراچی کے لاکھوں عوام شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ حلب میں تاریخ انسانی کا بدترین قتل عام ہوا مگر غیروں کیساتھ ساتھ اپنوں نے بھی آنکھیں بند کیے رکھیں اور عالم اسلام میں بھی قبرستان کی سی خاموشی چھائی رہی۔

 

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button