عمران خان توہین رسالتﷺ پر سرعام معافی مانگیں، افضل قادری کا کھلا خط
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) سابق گورنر پنجاب کے بیٹے شان تاثیر کیخلاف فتویٰ جاری کرنیوالے پیر افضل قادری نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو خبردار کرتے ہوئے کھلا خط لکھ دیا ہے جس میں انہوں نے عمران خان سے کفریہ کلمات ادا کرنے پر اللہ تعالی اور اس کے رسول اکرم ﷺ اور تمام مسلمانوں سے اعلانیہ معافی مانگے کا مطالبہ کیا ہے۔ تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ کے محمد افضل قادری نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے اپنی تقریر میں کہا ہے کہ جب وحی بند ہوئی تو نبی کریم ﷺ نے اپنے آپ کو پاگل سمجھا (العیاذ باللہ من ذالک)، خان صاحب ! کفار و مشرکین نے حضرت محمد ﷺ کو مجنون (پاگل) کہا تو اللہ تعالی نے فرمایا (سورة قلم :2) آپ اپنے رب کے فضل سے مجنون نہیں ہیں۔ خان صاحب آپ نبی کریم ﷺ کی کھلی تنقیض و توہین کے مرتکب ہوئے ہیں جس سے لزوم کفر ہوا ہے یعنی آپ نے کفریہ کلمہ کہا ہے اس لیے آپ پر لازم ہے کہ آپ میڈیا پر اعتراف جرم کرکے اللہ تعالی اور اس کے رسول اکرم ﷺ سے اور مسلمانوں سے اعلانیہ معافی مانگیں، خدانخواستہ اگر آپ اس پر بضد رہے تو التزام کفر ہوگا جس کے بعد علماء دین پر لازم ہو گا کہ آپ کو کافر و گستاخ رسول قرار دیں۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب پہلے بھی آپ اور دیگر کئی سیاستدانوں نے دینی تعلیم نہ ہونے کی وجہ سے دل آزار کام اور دکھ دہ باتیں کی ہیں لہذا میں ایک بار پھر اصرار کروں گا کہ سیاستدانوں، فوجی و سول حکام اور تمام افسران کیلئے دینی عقائد، فقہ اسلامی، تصوف، سیرت نبوی، سیرت صحابہ کرام، سیرت سلاطین کا مطالعہ لازمی قرار دیا جائے۔