پنجاب میں دہشتگرد تنظیمیں دندنا رہی ہیں، عدلیہ نوٹس لے، فردوس عاشق اعوان
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیمیں پنجاب میں دندناتی پھر رہی ہیں جبکہ ان کو روکنے والا کوئی نہیں، الیکشن کمیشن اور عدلیہ کو اس کا نوٹس لینا چاہیئے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں دہشت گرد تنظیمیں دندناتی پھر رہی ہیں، الیکشن کمیشن اور عدلیہ کالعدم تنظیموں کے الیکشن میں حصہ لینے کا نوٹس لیں۔ ملا عمر اور اسامہ بن لادن کے لوگ وفاقی وزیر داخلہ کے ہاتھ پر بیعت کر رہے ہیں، کیا وزیرداخلہ ان لوگوں کے اگلے امیرالمومنین ہوں گے؟ اگر ان دہشت گردوں کو معافی ہی دینی ہے تو وزیر داخلہ اس کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے نظام کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، فوجی عدالتیں طویل المدت آپشن نہیں ہوتیں۔ جب تک عدالتی نظام میں بہتری نہیں آتی اس وقت تک ملٹری کورٹس قائم رہنی چاہئیں۔ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع ہونی چاہیے۔