Uncategorized

فوجی عدالتوں کے مخالفین دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ نہیں چاہتے، صاحبزادہ حامد رضا

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے بلوچستان اور سندھ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد لاہور پہنچنے پر پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں چور اور چوکیدار کا گٹھ جوڑ تمام مسائل کی جڑ ہے، پوری قوم فوجی عدالتوں کی کارکردگی کے نتائج سے مطمئن ہے، حکومتی اتحادیوں اور اپوزیشن کی فوجی عدالتوں کی مخالفت بلاجواز ہے، پاناما کیس کی ہر سماعت شریف خاندان کی رسوائیوں کی داستان رقم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم جان چکی ہے کہ ان پر حکمرانی کرنیوالوں نے اپنی دولت میں اضافے کے سوا کچھ نہیں کیا، قوم بدعنوان حکمرانوں کیخلاف فیصلے کی منتظر ہے، زرداری کے استثنیٰ کی مخالفت کرنیوالا نواز شریف آج اپنے لئے کس منہ سے استثنیٰ مانگ رہا ہے، پاناما کیس کے میرٹ پر فیصلے سے ملک کی تقدیر بدل جائیگی۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک فوجی عدالتوں کو قائم رہنا چاہیئے، گیس کی قلت نے عوام کو ذلت اور اذیت سے دو چار کر رکھا ہے، اقوام متحدہ بھارت میں مسلمان خواتین کو زبردستی ہندو بنانے کا نوٹس لے، عالمی برادری فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر بند کروائے، بھارت کو دہشتگرد ریاست قرار دیا جائے کیونکہ بھارتی وزیراعظم نے پاکستان میں مداخلت کا خود اعتراف کیا ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق سٹے آرڈر پر وزارت کے مزے لے رہا ہے، فوجی عدالتوں کے مخالفین دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ نہیں چاہتے، دہشتگردی کے ایشو پر سیاست نہیں ہونی چاہیئے، فوجی عدالتوں کے خاتمے سے دہشتگردوں کو فائدہ پہنچے گا، پانامہ کیس کے ذریعے شریف خاندان کی ناجائز دولت ایکسپوز ہو رہی ہے، پاناما کیس نے بدعنوان چہرے بے نقاب کر دیئے ہیں۔

 

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button