سانحہ پاراچنار کیخلاف لاہور پریس کلب کے باہر ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کا احتجاجی مظاہرہ
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام پاراچنار میں داعشی دہشتگردوں کے مظلوم عوام پر حملے کیخلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ لاہور میں پریس کلب کے سامنے بھرپُور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں بزرگ، بچے اور نوجوان شریک تھے۔ مظاہرے میں سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پنجاب علامہ مبارک موسوی، سیکرٹری سیاسیات سید حسن کاظمی، سید اقبال شاہ سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم ضلع لاہور علامہ سید حسن رضا ہمدانی نے کہا کہ ریاست اس بات کا اعتراف کرے کہ داعشی دہشتگرد پاکستان میں سرگرم ہو چکے ہیں، پاراچنار کے مظلوم عوام کو حب الوطنی کی سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے بیلنس پالیسی کے نام پر نیشنل ایکشن پلان کو متنازعہ بنا کر دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو منظم ہونے کا موقع دیا، طالبان کیخلاف ہم نے سب سے پہلے آواز بلند کی کہ اس ناسور کیخلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹے بغیر ملک میں امن کا قیام ممکن نہیں لیکن طالبان کے سیاسی سرپرستوں نے مذاکرات کے نام پر ان سفاک درندوں کو مزید سینکڑوں پاکستانیوں کے قتل عام کا موقع دیا ہے، آج ہم میڈیا کے باشعور محب وطن نمائندوں کو گواہ بنا کر اعلان کر رہے ہیں کہ داعش نے ملک میں اپنی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں، پاراچنار کا واقعہ داعشی درندوں کی کارروائیوں کا ہی شاخسانہ ہے۔
علامہ حسن رضا ہمدانی کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ایوان اقتدار کی ناک کے نیچے داعش کو پکارنے والوں کیخلاف حکمرانوں اور اداروں کی خاموشی ہر پاکستانی کیلئے لمحہ فکریہ ہے، ملکی سلامتی اور بقا کو اگر مقدم رکھنا ہے تو اس سوچ کے حامل مٹھی بھر تکفیری گروہ اور ان کے سہولت کاروں کو بے نقاب کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاراچنار کے عوام کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑنے والے دراصل اس المناک حادثے کے ذمہ دار ہیں کرم ایجنسی میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کی بجائے عوام کو ہراساں کرنے کا عمل بند کیا جائے، مظاہرے میں رانا ماجد علی، نجم الحسن، نقی مہدی، سید زین زیدی، سجاد نقوی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔