سانحہ پاراچنار کی شدید مذمت کرتے ہیں، مجرموں کو نشان عبرت بنایا جائے، ایس یو سی خیبر پختونخوا
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ حمید حسین امامی اور صوبائی جنرل سیکرٹری مظفر علی اخونزادہ نے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری مذمتی بیان میں کہا ہے کہ حکومت ملک میں امن قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ علامہ حمید حسین امامی نے کہا ہے کہ ہر چند روز بعد کسی نہ کسی شہر میں دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں۔ کرم ایجنسی پارا چنار کے غریب اور محنت کش لوگ اپنے کاروبار میں مصروف تھے اور خرید و فروخت کر رہے تھے، اپنے بچوں کے لئے روزی روٹی کما رہے تھے، کسی ملک، مذہب، مسلک دشمن سرگرمی میں مصروف نہیں تھے۔ صوبائی صدر نے مذید کہا کہ اس سانحہ میں 26 افراد شہید ہوئے، خبر نہیں کہ یہ شہداء کتنے افراد و خانوادوں کی کفالت کررہے تھے۔ سانحہ میں 55 افراد زخمی ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ 55 گھرانوں کے کفیل بستر علالت پر ہیں، حکومت ان گھرانوں کو جوابدہ ہے۔ صوبائی جنرل سیکرٹری مظفر علی اخونزادہ نے اس سانحہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے لوگوں پر وار کرنا انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔ اس سانحہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ صوبائی جنرل سیکرٹری نے پشاور ہسپتالوں کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے ہسپتال انتظامہ کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور زخمیوں کے بہتر علاج معالجہ فراہم کرنے کی کوشش کی۔ صوبائی سیکرٹری اطلاعات سید مرتضی علی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔