بے گناہوں کو تسلسل سے قتل کرنیوالے قہر خداوندی کو دعوت دے رہے ہیں، علامہ مرزا یوسف حسین
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی محرک اور معروف عالم دین علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا کہ بے گناہ مسلمانوں کو تسلسل سے قتل کرنیوالے قہر خداوندی کو دعوت دے رہے ہیں، پاراچنار، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملک کے دیگر حصوں میں بے گناہوں کے قتل عام اور قاتلوں کی عدم گرفتاری پر جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد میں منعقدہ احتجاجی جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ حکمران گروپ دہشت گردوں کی سرپرستی ترک کرے تو یہاں امن کا قیام ممکن ہے، حیرت کی بات ہے کہ ہماری حکومت کو دہشت گرد اور کالعدم جماعتوں کا ٹولہ نظر کیوں نہیں آتا۔ اجتماع سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور پاراچنار میں ہونیوالے بم دھماکے کی مذمت اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں شہداء کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔